QR CodeQR Code

ہم اٹھارویں ترمیم کے خلاف نہیں ہیں، پہلی بار کراچی کیلئے بڑا پیکیج جلد آرہا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی

20 Jan 2019 21:24

کراچی میں ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ کراچی میں پانی اور سیوریج کے مسائل حل کرنا پہلی ترجیح ہے، کراچی کو روشنی کا شہر بنائیں گے، کراچی کیلئے ٹرانسپورٹ کا پروجیکٹ شروع کرنے والے ہیں، کراچی کی عوام کو بےشمار تحفے دیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہم اٹھارویں ترمیم کے خلاف نہیں ہیں، پہلی بار کراچی کے لئے بڑا پیکیج جلد آرہا ہے، کراچی کے لئے ٹرانسپورٹ کا پروجیکٹ شروع کرنے والے ہیں، پی ٹی آئی کراچی کی عوام کو بے شمار تحفے دے گی، حزب اختلاف کی جماعتیں چاہتی ہیں کہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے، پارلیمنٹ کی مضبوطی میں ہی عوامی مسائل کا حل مضمر ہے، کراچی میں پانی کے مسئلے کو حل کریں گے، ساہیوال کا واقعہ افسوسناک ہے۔ ان خیالات کا اظہار اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی فہیم خان کی رہائش گاہ پر کراچی سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ارکان اسمبلی سے ملاقات میں موجودہ سیاسی، معاشی و اقتصادی معاملات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ موجودہ اسمبلی قانون سازی کی اپنی بنیادی ذمہ داری ادا کرے گی اور ریکارڈ تعداد میں قوانین بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتوں نے انہیں اس حوالے سے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی نے پی ٹی آئی پر جو اعتماد کیا ہے وہ عوامی اعتماد پر پورا اترے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پانی اور سیوریج کے مسائل حل کرنا پہلی ترجیح ہے، کراچی کو روشنی کا شہر امن کا گہوارہ بنائیں گے، کراچی کے لئے ٹرانسپورٹ کا پروجیکٹ شروع کرنے والے ہیں، پی ٹی آئی کراچی کی عوام کو بےشمار تحفے دے گی۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہم اٹھارویں ترمیم کے حق میں ہیں اور ہم چاہتے ہیں اس میں مزید بہتری لانی پڑے تو لائیں گے، ہم اٹھارویں ترمیم کے خلاف نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کو قانون سازی کے ذریعے عوامی نوعیت کے اہم مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے، وفاق صوبوں کو درپیش مسائل کے حل اور صوبوں کو مکمل بااختیار بنانے میں سنجیدہ ہے۔


خبر کا کوڈ: 773197

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/773197/ہم-اٹھارویں-ترمیم-کے-خلاف-نہیں-ہیں-پہلی-بار-کراچی-کیلئے-بڑا-پیکیج-جلد-آرہا-ہے-اسپیکر-قومی-اسمبلی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org