QR CodeQR Code

ساہیوال کے بعد کراچی میں پولیس کی مبینہ فائرنگ، میاں بیوی زخمی

20 Jan 2019 23:46

پولیس کا اپنے مؤقف میں کہنا ہے کہ پولیس اہلکار موٹر سائیکل پر 2 ملزموں کا تعاقب کر رہے تھے، ملزموں کی جانب سے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی، جس سے میاں بیوی زخمی ہوئے۔


اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے علاقے کورنگی نمبر 4 میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے میاں بیوی زخمی ہوگئے، جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی نمبر 4 میں شوہر اور اہلیہ فائرنگ سے زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طبی امداد کیلئے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے میاں بیوی پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے زخمی ہوئے، زخمیوں کی شناخت 40 سالہ عدنان ولد عارفین اور 30 سالہ ثاقبہ بی بی زوجہ عدنان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ جناح اسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے عدنان کو گولی سر سے چھو کر گزری، جبکہ زخمی خاتون ثاقبہ کو کندھے پر گولی لگی ہے۔

آئی جی سندھ نے پولیس فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی کورنگی سے رپورٹ طلب کرلی، جس کے بعد ایس ایس پی کورنگی جائے وقوع پر پہنچ گئے۔ پولیس کا اپنے مؤقف میں کہنا ہے کہ پولیس اہلکار موٹر سائیکل پر 2 ملزموں کا تعاقب کر رہے تھے، ملزموں کی جانب سے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی، جس سے میاں بیوی زخمی ہوئے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی ساہیوال میں پنجاب پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی فائرنگ سے ماں، باپ اور بیٹی سمیت 4 افراد جاں بحق اور 3 بچے زخمی ہوئے تھے۔


خبر کا کوڈ: 773209

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/773209/ساہیوال-کے-بعد-کراچی-میں-پولیس-کی-مبینہ-فائرنگ-میاں-بیوی-زخمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org