0
Monday 21 Jan 2019 18:31

کراچی میں دو روز سے مسلسل بارش جاری، سردی میں اضافہ

کراچی میں دو روز سے مسلسل بارش جاری، سردی میں اضافہ
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے مختلف علاقوں میں دوسرے روز پیر کو بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ اتوار کی شام سے بوندا باندی کا سلسلہ شروع ہوا جو اتوار اور پیر کی درمیانی رات شدت اختیار کرگیا، پیر کی صبح سورج نے کچھ وقت کے لئے اپنا جلوہ دکھایا تاہم دوپہر سے کراچی کے علاقوں صدر، برنس روڈ، نارتھ کراچی، نیو کراچی، نارتھ ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا، شارع فیصل، ماری پور، کے ڈی اے چورنگی، فائیو اسٹار چورنگی، شارع فیصل پر ڈرگ روڈ، بلوچ کالونی، شاہراہ پاکستان، نیو ٹاؤن، اسٹیڈیم روڈ، ڈالیما روڈ، یونیورسٹی روڈ اور دیگر علاقوں میں بارش کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا۔ گزشتہ رات ہونے والی بارش کے باعث سندھ اسمبلی سمیت کئی اہم سڑکوں اور مقامات پر پہلے پانی جمع تھا جس میں اب اضافہ ہوگیا ہے، دوسری جانب شہر کے بڑے حصے میں بجلی بھی غائب ہوگئی۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کہا کہ حالیہ بارش جہاں فصلوں کے لئے مفید ہے وہیں حب ڈیم میں قابل استعمال پانی کی سطح میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بارش کا سلسلہ 24 گھنٹے تک جاری رہے گا، بارش برسانے والا سسٹم بلوچستان سے جاچکا ہے لیکن سسٹم کے اثرات باقی ہیں، جس کے باعث بارش ہوگی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو درجہ حرات 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ٹھنڈی ہوا کے باعث سردی میں اضافہ محسوس کیا جارہا ہے۔ کراچی میں بارش کے باعث 208 فیڈرز ٹرپ کرگئے اور کینٹ اسٹیشن، ناظم آباد سمیت مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جبکہ کرنٹ لگنے کے واقعات میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔
خبر کا کوڈ : 773352
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش