0
Monday 21 Jan 2019 19:44

ساہیوال واقعے میں براہ راست گولیاں ماری گئیں، خواجہ آصف

ساہیوال واقعے میں براہ راست گولیاں ماری گئیں، خواجہ آصف
اسلام ٹائمز۔ رکن قومی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ساہیوال واقعے میں اصل دہشتگرد وہ تھے جنہوں نے خون بہایا، ان پر دہشتگردوں کی طرح مقدمہ چلایا جائے، جبکہ دہشتگردی ختم کرنے والے آج خود دہشتگرد بن گئے ہیں۔
قومی اسمبلی کا اجلاس چیئرپرسن منزہ حسن کی سربراہی میں ہوا، جس میں ساہیوال واقعے پر بحث کے لئے قومی اسمبلی کی معمول کی کارروائی معطل کر دی گئی۔ کارروائی معطل کرنے کی تحریک وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے پیش کی جس کے بعد ایوان میں واقعے پر بحث کا آغاز ہوا۔ خواجہ آصف نے ساہیوال واقعے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ علی محمد کہتے تھے ملزمان نہ پکڑے جائیں تو ذمہ دار حکومت ہوتی ہے، عمران خان کہتے تھے ماڈل ٹاؤن میں سیدھی گولیاں ماری گئیں جس پر شہباز شریف استعفٰی دیں، ساہیوال واقعے میں بھی براہ راست گولیاں ماری گئیں لیکن ادھر سانحہ ہوا ادھر وزیراعظم قطر چلے گئے۔

انہوں نے کہا کہ یہ صبح کچھ شام کو کچھ کہتے ہیں، ایک طرف افسردہ ہونے کا بیان دوسری طرف سی ٹی ڈی کی تعریف کی گئی، پولیس، سی ٹی ڈی اور صوبائی حکومت کے متنازعہ بیان آتے رہے، جبکہ پنجاب میں حکومت کی رٹ ختم ہوگئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قانون یہاں بڑے بڑے افراد کے خلاف سیاسی مقاصد کے لئے حرکت میں آ سکتا ہے، آج بھی راؤ انوار دندناتا پھر رہا ہے اس کا احتساب نہیں ہوا، کہا گیا بچوں کو انسانی ڈھال بنایا گیا اس سے زیادہ گھٹیا پن کیا ہوگا، یہ تباہی کی نشانیاں ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ اصل دہشتگرد وہ تھے جنہوں نے خون بہایا، ان پر دہشتگردوں کی طرح مقدمہ چلایا جائے جبکہ دہشتگردی ختم کرنے والے آج خود دہشتگرد بن گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور علی محمد اپنی تقاریر کا دوبارہ جائزہ لیں، آج موقع ہےکہ عمران خان جس انصاف کا دعوٰی کرتے تھے وہ کر کے دکھائیں اور اس ایوان کو اختیار دیں تاکہ وہ معاملہ دیکھے کیونکہ پنجاب حکومت فریق بن چکی ہے، یہ لوگ ایس ایچ او تک اپنی مرضی کے لگا رہے ہیں جو ایوان کی توہین ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 773364
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش