0
Tuesday 22 Jan 2019 13:30

دیامر بھاشا ڈیم کے ایوارڈ میں اربوں روپے کی کرپشن کی گئی، تحریک انصاف گلگت

دیامر بھاشا ڈیم کے ایوارڈ میں اربوں روپے کی کرپشن کی گئی، تحریک انصاف گلگت
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف گلگت کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم کے ایوارڈ میں اربوں روپے کی کرپشن کی گئی ہے، نیب خاموش تماشائی بنا ہوا ہے، گلگت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف گلگت کے رہنماؤں عاصم خان، محمد فاروق، تنویر خان، احمد خان اور دیگر نے صوبائی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں اس وقت آوے کا آوا بگڑا ہوا ہے، کرپشن اور اقرباء پروری عروج پر ہے۔ دیامر بھاشا ڈیم میں اربوں روپے کی کرپشن کی گئی، بنجر زمینوں کو آباد ظاہر کرکے جعلی خسرے درج کئے گئے ہیں، اس مقصد کے لئے من پسند افسران اور سٹاف کو وہاں تعینات کیا گیا، انہوں نے کہا کہ میرٹ کو پامال کیا جا رہا ہے اور پرچی کے ذریعے سے مختلف اداروں میں غیر قانونی بھرتیاں ہو رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی ہیڈکوارٹر گلگت میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 20 گھنٹے سے تجاوز کرچکا ہے، چویس گھنٹوں میں صرف دو سے تین گھنٹے بجلی آتی ہے، جس کی وجہ سے زندگی کے امور بری طرح سے متاثر ہوچکے ہیں، سیوریج کا نظام نہ ہونے کی وجہ سے بارش کے بعد سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں، صوبائی حکومت کے بلند و بانگ دعوے ہوائی ثابت ہوچکے ہیں، نہ تو بجلی کا نظام ٹھیک ہوا اور نہ ہی کوئی اور قسم کی تبدیلی آئی ہے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے کہا کہ صوبائی قائدین جلد وزیراعظم پاکستان سے ملاقات کرکے عوامی تحفظات سے آگاہ کریں گے، ان شاء اللہ گلگت بلتستان کے عوام کو تمام آئینی حقوق ملیں گے۔
خبر کا کوڈ : 773528
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش