0
Tuesday 22 Jan 2019 18:54

حکمران تبدیلی کے نام پر عوام پر مزید مہنگائی کا بوجھ ڈال رہے ہیں، علامہ ناظر عباس تقوی

حکمران تبدیلی کے نام پر عوام پر مزید مہنگائی کا بوجھ ڈال رہے ہیں، علامہ ناظر عباس تقوی
اسلام ٹائمز۔ متحدہ مجلس عمل صوبہ سندھ کے جنرل سیکرٹری اور شیعہ علماء کونسل سندھ کے صدر علامہ سید ناظر عباس تقوی کا صوبائی دفتر سے جاری بیان میں کہنا ہے کہ کراچی میں ہونے والی حالیہ بارشوں نے شہر قائد کا نقشہ ہی بدل دیا ہے، شہر بھر میں بارشوں کا کھڑا پانی تالاب کا منظر پیش کر رہا ہے، مختلف شاہراہوں پر پانی کی وجہ سے گھنٹوں گھنٹوں ٹریفک جام ہے، جس سے شہری شدید اذیت میں مبتلا ہیں، بارشوں کے ساتھ ساتھ شہر بھر میں بجلی کا نظام بھی تباہ ہوچکا ہے، بلدیاتی نمائندے صرف تصویروں کی حد تک نظر آتے ہیں، شہری اور صوبائی حکومتیں آپس کی رسہ کشی کو ختم کرکے عوام کی خدمت کے لئے اقدامات کو یقینی بنائیں، شہر کراچی ایک میگا سٹی ہے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ماضی کے حکمرانوں اور موجودہ حکومتوں کی غیر سنجیدہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے کہ روشنیوں کا شہر اندھیروں میں ڈوب چکا ہے۔

علامہ ناظر عباس تقوی نے کہا کہ جس شہر میں شاہراہوں کو صاف پانی سے دھویا جاتا تھا اب وہ شاہراہیں گندگی اور غلاظت میں تبدیل ہوچکی ہیں، عوام کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں اور اب تو حد یہ ہے کہ گھریلوں صارفین کو گیس کی بھی لوڈشیڈنگ کا بھی سامنا ہے، ایٹمی ملک ہونے کے باوجود عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور حکمران تبدیلی کے نام پر عوام پر مزید مہنگائی کا بوجھ ڈال رہے ہیں، عوام کو نظر انداز کرکے وقتی طور پر تو حکومتیں چلائی جاسکتی ہیں لیکن دیرپا حکومت باقی نہیں رہ سکتی۔
خبر کا کوڈ : 773571
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش