QR CodeQR Code

فرانس حکومت بی آر ٹی کیلئے 19 ارب روپے قرضہ دیگی

23 Jan 2019 11:34

فرانس کے سفیر اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار ترقی کے منصوبوں میں پاکستان سے تعاون جاری رکھا جائیگا، معاہدے کی رو سے قرض کی یہ رقم فرانس ایجنسی فار ڈویلپمنٹ کے ذریعے ادا کی جائیگی۔


اسلام ٹائمز۔ حکومت فرانس بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) منصوبے کیلئے خیبر پختونخوا حکومت کو 19 ارب 50 کروڑ روپے قرض فراہم کرے گی۔ اسلام آباد میں فرانس کے سفارت خانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق حکومت فرانس بی آر ٹی منصوبے کیلئے 130 ملین یورو قرضہ دے گی۔ واضح رہے کہ 130 ملین یورو کا قرضہ پاکستانی کرنسی میں 19 ارب 50 کروڑ روپے بنتا ہے۔ اس سلسلے میں اسلام آباد میں باقاعدہ ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں فرانس کے سفیر مارک بریٹے اور پاکستان کے سیکرٹری اکنامک افیئرز ڈویژن نور احمد نے قرض کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط کئے۔ اس موقع پر سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نے منصوبے میں تعاون پر فرانس کا شکریہ ادا کیا جبکہ فرانس کے سفیر نے کہا کہ پائیدار ترقی کے منصوبوں میں پاکستان سے تعاون جاری رکھا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق معاہدے کی رو سے قرض کی یہ رقم فرانس ایجنسی فار ڈویلپمنٹ کے ذریعے ادا کی جائے گی۔ واضح رہے کہ بی آر ٹی تحریک انصاف کی سابقہ حکومت کا میگا پراجیکٹ ہے جس کا سنگ بنیاد سابق وزیراعلٰی پرویز خٹک کی سربراہی میں  20 اکتوبر 2017ء کو رکھا گیا اور ساتھ یہ دعویٰ کیا گیا کہ 6 ماہ کے اندر منصوبہ مکمل کیا جائے گا۔ تاہم دوسرا سال شروع ہے اور منصوبہ تاحال زیر تعمیر جبکہ اس کی لاگت 49 ارب سے بڑھ کر 68 ارب تک پہنچ گئی ہے۔ بعض حلقوں کی جانب سے لاگت اس سے بھی زائد بتائی جاتی ہے جس کے بعد حکومت نے فنڈز کے حصول کیلئے فرانس کی ایجنسی فار ڈویلپمنٹ (اے ایف ڈی) سے مذاکرات شروع کئے اور منگل 22 جنوری کو دونوں کے مابین معاہدہ طے پاگیا۔


خبر کا کوڈ: 773681

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/773681/فرانس-حکومت-بی-آر-ٹی-کیلئے-19-ارب-روپے-قرضہ-دیگی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org