0
Wednesday 23 Jan 2019 19:39

پشاور میں انسداد پولیو مہم کے دوران والدین کیجانب سے جعلی مارکنگ کا انکشاف

پشاور میں انسداد پولیو مہم کے دوران والدین کیجانب سے جعلی مارکنگ کا انکشاف
اسلام ٹائمز۔ صوبائی دارالحکومت پشاور کی 4 یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم کے تصدیقی عمل کے دوران سیکڑوں بچوں کو پولیو کی روک تھام کے قطرے نہ پلائے جانے اور ان کے والدین کی جانب سے جعلی مارکنگ کا انکشاف ہوا ہے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور اور وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے پولیو مہم بابر عطاء کی جانب سے بدھ کے روز شاہین مسلم ٹاﺅن، ہزارخوانی، حیات آباد اور اخون آباد یونین کونسلوں میں اچانک پولیو مہم میں دو گھنٹوں کی تاخیر کرتے ہوئے بچوں کو پولیو ویکسین پلائے جانے کی تصدیق کا عمل شروع کیا تو اس دوران ان یونین کونسلوں میں 300 ایسے بچے پائے گئے جن کو پولیو پلائے جانے کے حوالے سے ان کے انگوٹھے پر نشان پایا گیا جبکہ ان یونین کونسلوں میں مہم کا آغاز ہی نہیں ہوا تھا۔ جعلی مارکنگ سے متعلق وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے بابر بن عطاء نے بتایا کہ ”ان یونین کونسلوں میں بچوں کے والدین نے سازباز کرتے ہوئے پولیو ہیلتھ ورکروں سے پرانے مارکر حاصل کئے تھے اور از خود بچوں کے انگلیوں پر نشان لگا کر ظاہر کیا کہ انہیں پولیو کے قطرے پلائے جاچکے ہیں“۔ بابر بن عطاء نے بتایا کہ آئندہ مہم کیلئے پانچ مختلف قسم کے مارکر استعمال کئے جائیں گے جن میں سرخ، نارنجی، پیلا، نیلا اور سیاہ مارکر شامل ہوں گے اور ہر ماہ مہم میں الگ رنگ کے مارکر کا استعمال کیا جائے گا۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے ڈاکٹر امتیاز کے مطابق گذشتہ سال دسمبر میں صوبہ بھر میں 58 لاکھ 85 ہزار 380 بچوں کا پولیو مہم کے حوالے سے ہدف مقرر تھا جن میں سے 26 ہزار 366 بچے پولیو سے بچاﺅ کے قطروں سے محروم رہے تھے، ان میں 7 ہزار 508 بچوں کو ان کے والدین کی جانب سے پولیو سے بچاﺅ کے قطرے پلانے سے انکار کیا تھا جبکہ باقی 18858 بچوں تک پولیو ٹیموں کی مختلف وجوہات کی بناء پر رسائی نہیں ہوسکی تھی، انکاری کیسوں میں 5986 کا تعلق صرف ضلع پشاور سے ہے۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق اسوقت پشاور میں شاہین مسلم ٹاﺅن اور لڑمہ یونین کونسلوں کے علاوہ دیگر علاقے بھی پولیو وائرس کی زد میں ہیں جس کی وجہ سے مولوی جی ہسپتال ہشتنگری میں صرف شاہین مسلم ٹاﺅن کے بچوں کیلئے ایمرجنسی رسپانس یونٹ قائم کردیا گیا ہے جس کیلئے الگ نگرانی اور منصوبہ بندی متعارف کرائی گئی ہے۔ محکمہ صحت نے 18 یونین کونسلوں کو پولیو کے حوالے سے ہائی رسک قرار دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 773813
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش