QR CodeQR Code

قانون کی بالادستی ہوگی تو دہشتگردی مکمل ختم ہوجائیگی، ثروت اعجاز قادری

23 Jan 2019 22:57

کراچی میں ریاض فتیانہ چیئرمین اسٹنڈنگ کمیٹی لاء اینڈ آرڈر کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ پی ایس ٹی نے کہا کہ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے ضروری ہے کہ دہشتگردوں کی ہر سطح بیخ کنی کی جائے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری کہا ہے کہ پاکستان کی سلامتی، تحفظ اور استحکام کیلئے ہراول دستے کا کردار ادا کرتے رہینگے، قانون کی بالادستی ہوگی، تو دہشتگردی مکمل ختم ہوجائیگی، حکومت عوام کو سستا انصاف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کو یقینی بنائے، فوجی عدالتوں کی مدت میں اضافے کا پوری قوم مطالبہ کر رہی ہے، دہشتگردوں کو فوری سزاؤں کے عمل سے دہشتگردوں کے حوصلے بھی پست ہوئے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر ریاض فتیانہ چیئرمین اسٹنڈنگ کمیٹی لاء اینڈ آرڈر کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں اسلم زار ایڈووکیٹ سیکریٹری پاکستان بار کونسل، ممتاز بزنس مین چوہدری عبدالستار و دیگر موجود تھے۔ ثروت اعجاز قادری نے وفد کو مرکز اہلسنت پر خوش آمدید کیا، اس موقع پر مرکزی رابطہ کمیٹی کے ارکان بھی موجود تھے۔ ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے ضروری ہے کہ دہشتگردوں کی ہر سطح بیخ کنی کی جائے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف ہماری دو اعلیٰ قیادتوں نے جانوں کے نذرانے پیش کئے، جبکہ سینکڑوں کارکنان و رہنما دہشتگردی کا نشانہ بن چکے ہیں، مگر اس کے باوجود ہم نے امن اور صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا، پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد ملک کے دشمن ہیں، ان سے آہنی ہاتھوں اور ریاستی طاقت سے نمٹنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے آئینی ریاستی اداروں کا احترام کرنا ہوگا، ہر ادارہ اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کریگا، تو کوئی طاقت پاکستان کو غیر مستحکم نہیں کر سکے گی۔ اس موقع پر چیئرمین اسٹنڈنگ کمیٹی لاء اینڈ آرڈر ریاض فتیانہ نے کہا کہ پاکستان کو اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے، دہشتگرد اور ملک دشمنوں کو یکجہتی اور اتحاد سے ہی شکست دی جا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سنی تحریک امن پسند محب وطن جماعت ہے، جس نے ہر مشکل میں ملک کا ساتھ دیا ہے، پاکستان سنی تحریک کی قربانیاں اور امن کیلئے کاوشیں قابل ستائش ہیں، ہمیں صرف پاکستانی ایک قوم بن کر کام کرنا ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 773862

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/773862/قانون-کی-بالادستی-ہوگی-دہشتگردی-مکمل-ختم-ہوجائیگی-ثروت-اعجاز-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org