QR CodeQR Code

امریکی صدر ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا، ترجمان دفترخارجہ

24 Jan 2019 13:46

ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ امریکی سینیٹر گراہم نے دورہ پاکستان کے دوران صدرٹرمپ اور وزیراعظم کی ملاقات کی بات کی تاہم ابھی تک تاریخ کا کوئی تعین نہیں ہوا، ایسی ملاقاتوں کیلئے بہت زیادہ تیاری کی ضرورت ہوتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ سینیٹر لنزے گراہم نے صدرٹرمپ کے ساتھ وزیراعظم کی ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ افغان امن عمل ایک مشترکہ ذمہ داری ہے، پاکستان اور قطر امریکا طالبان مذاکرات میں سپورٹ فراہم کر رہے ہیں جبکہ امریکی سینیٹر گراہم نے دورہ پاکستان کے دوران صدرٹرمپ اور وزیراعظم کی ملاقات کی بات کی تاہم ابھی تک تاریخ کا کوئی تعین نہیں ہوا، ایسی ملاقاتوں کیلئے بہت زیادہ تیاری کی ضرورت ہوتی ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں موجود قیدیوں کے تبادلے کیلیے معاہدے کی پیشکش کی تھی، پاکستان نے صرف جرمانہ کی وجہ سے جیلوں میں موجود افراد کی رہائی کیلیے بات کی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل سے متعلق پاکستان کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی جبکہ پاکستان میں داعش کا کوئی وجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسیہ بی بی کی اپیل میں اگر بریت ہو اس کے باہر جانے پر کوئی پابندی نہیں۔

ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کیخلاف ورزیوں اور بھارت کی جانب سے پیلیٹ گنز کے استعمال کا سلسلہ جاری ہے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بات کی جبکہ پاکستان نے 21 جنوری کو بھارت کو کرتار پورراہداری منصوبے کا مسودہ اور پلان بھیجا اور ہم نے بھارت کو معاہدے کو حتمی شکل دینے کیلئے وفد بھیجنے کی درخواست کی تاہم بھارت نے جواب میں بچگانہ انداز میں پاکستانی وفد دہلی بھیجنے کیلئے دو تاریخوں کا تعین کردیا، پاکستان کا جواب انتہائی سنجیدہ ہوگا جو کچھ دنوں میں دیں گے۔


خبر کا کوڈ: 773973

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/773973/امریکی-صدر-ٹرمپ-نے-وزیراعظم-عمران-خان-سے-ملاقات-کی-خواہش-کا-اظہار-کیا-ترجمان-دفترخارجہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org