0
Thursday 24 Jan 2019 14:51
دباؤ یا کچھ اور

پشاور پریس کلب کا پی ٹی ایم کو سیمینار کی اجازت دینے سے انکار

پشاور پریس کلب کا پی ٹی ایم کو سیمینار کی اجازت دینے سے انکار
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا میں قبائلی نوجوانوں کی تنظیم پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنماؤں نے الزام لگایا ہے کہ ان کی تنظیم کو پشاور پریس کلب میں مقامی مسائل پر سیمنار منعقد کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، تاہم پریس کلب کی انتظامیہ نے اس بات کی سختی سے تردید کی ہے کہ پی ٹی ایم کا سیمینار کسی دباؤ کے نتیجے میں منسوخ کیا گیا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز پریس کلب کی انتظامیہ کی طرف سے ان کو بذریعہ ٹیلی فون مطلع کیا گیا کہ چونکہ ان پر بعض لوگوں کی طرف سے دباؤ ہے، لہٰذا ان کو کلب میں سیمینار کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ رحیم شاہ ایڈووکیٹ کے مطابق یہ سیمینار خیبر ایجنسی کے قبائل کے مقامی مسائل سے متعلق ہے، جس میں ان کے ٹرانسپورٹ اور آڈوں کے معاملات قابل ذکر ہیں۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ صحافیوں کے ایک ایسے ادارے نے سیمینار کے انعقاد سے انکار کیا جس کا مقصد ہی عوام کے مسائل کو اجاگر کرنا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کلب کی جانب سے انکار کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ یہ سیمینار اب پریس کلب کے باہر سڑک پر منعقد کیا جائے گا اور جس کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

دوسری طرف پشاور پریس کلب کی انتظامیہ نے اس الزام کی سختی سے تردید کی ہے کہ پی ٹی ایم کا سیمینار کسی دباؤ کے نتیجے میں منسوخ کیا گیا ہے۔ پریس کلب کے صدر سید بخاری شاہ نے رابطہ کرنے پر میڈیا کو بتایا کہ پی ٹی ایم کے رہنماؤں کو واضح طورپر بتایا گیا تھا کہ چونکہ کلب میں تعیمراتی کام ہو رہا ہے لہٰذا ایسی صورت یہ ممکن نہیں ہو گا اور نہ ان کے پاس اتنے سارے افراد کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ کلب کے عہدیدار بھی پی ٹی ایم کو سیمینار کی اجازت دینے پر منقسم تھے، لہٰذا مصلحت اسی میں جانی گئی کہ ان کو معذرت کی جائے۔ دریں اثنا پشتون تحفظ موومنٹ نے اپنے ایک سرگرم رہنما عالم زیب محسود کی گرفتاری اور ان کے خلاف مقدمے کے اندراج کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ پی ٹی ایم ذرائع کے مطابق یہ احتجاج بدھ کو ملک کے مختلف شہروں کے پریس کلبوں اور عوامی مقامات پر کیا جا رہا ہے، جس میں عالم زیب محسود کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ کراچی پولیس نے عالم زیب خان محسود کو چہرے پر کپڑا باندھ کر، سنگین جرم کے مرتکب الزام میں پیش کئے جانے والے ملزم کی طرح انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا تھا، خیال رہے کہ عالم زیب محسود کو منگل کو کراچی میں گرفتاری کے بعد مقامی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 773984
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش