0
Thursday 24 Jan 2019 14:54

سکردو سے راولپنڈی چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے اوقات کار میں تبدیلی

سکردو سے راولپنڈی چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے اوقات کار میں تبدیلی
اسلام ٹائمز۔ سکردو سے راولپنڈی چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے اوقات کار میں تبدیلی کر دی گئی ہے، اب گاڑیاں صبح 8 اور رات دس بجے سکردو سے راولپنڈی کے لئے روانہ ہوں گی، راستے میں کانوائے کا سلسلہ ختم کیا جائے گا۔ اوقات کار میں تبدیلی کا فیصلہ سکردو میں پولیس اور ٹرانسپورٹرز کے مشترکہ اجلاس میں باہمی صلاح مشورے کے بعد کیا گیا ہے، اجلاس میں مسافروں کو درپیش مسائل پر گفت و شنید کی گئی اور مسائل کے حل کیلئے کئی تجاویز زیر بحث آئیں، اے ایس پی سکردو عثمان کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کانوائے سے مسافروں کو درپیش مشکلات کے پیش نظر گاڑیوں کو صبح 8 بجے اور رات دس بجے راولپنڈی بھیجا جائے گا۔

فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کیخلاف سخت ایکشن لیا جائیگا، اجلاس میں مسافروں کے مفاد میں کئی اہم فیصلے کئے گئے، ٹرانسپورٹرز کو فیصلوں پر فوری عمل درآمد کرنے کے احکامات بھی جاری کئے گئے۔ واضح رہے کہ سکردو سے راولپنڈی جانے والی مسافر گاڑیوں کو رات کے اوقات میں جگلوٹ کے مقام پر روک دیا جاتا ہے، جہاں رات بھر قیام کے بعد صبح کانوائے کی شکل میں جانے کی اجازت دی جاتی ہے، مسافروں کا کہنا تھا کہ جگلوٹ میں زبردستی روکنے کی وجہ سے مسافروں کو رات بھر عذاب کا سامنا کرنا پڑتا ہے، کیونکہ سخت سردی اور پھر سہولیات کی عدم دستیابی کے ساتھ ہوٹل والوں کی لوٹ مار کا سلسلہ بھی جاری رہتا ہے، گاڑیوں کی روانگی کے شیڈول میں تبدیلی کا مطالبہ پہلے سے کیا جاتا رہا تھا۔
خبر کا کوڈ : 773991
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش