QR CodeQR Code

ریاست اور حکومت سانحہ ساہیوال پر جھوٹ کا سہارا نہ لیں، ریاست اور سیاست کے نظام کو ریویو کرنیکی ضرورت ہے، لیاقت بلوچ

24 Jan 2019 23:08

ملتان میڈیا سنٹر سے جاری بیان کے مطابق جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت بھی عوام دشمن نظام کو تحفظ دے رہی ہے، حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہے اور عوام پر مسلسل بوجھ بڑھا رہی ہے، ایک سال میں تین بجٹ مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کی برابری کی بنیاد پر نااہلی اور ناکامی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ فرد، گروہ، پارٹی یا ریاستی ادارے لاقانونیت کریں، سب ایک ہی طرح کا جرم سرزد کرتے ہیں۔ پاکستان میں دہشتگردی کے خاتمہ کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بے پناہ اور اندھا دھند اختیارات دیئے گئے ہیں، اداروں کے اندر ادارے قائم کر دیئے گئے ہیں، جس سے قانون، عدلیہ اور انصاف مفلوج ہوگئے ہیں، اندھے اختیارات سر چڑھ کر بول رہے ہیں، سانحہ ساہیوال اس کی بدترین مثال ہے، اب وقت آگیا ہے کہ ریاست اور سیاست کے پورے نظام کو ریویو کیا جائے۔ ملتان میڈیا سنٹر سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانحہ ساہیوال کے متاثرہ خاندان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماضی کی سیاست اور اسلوب حکومت کی طرح گلا سڑا نظام جاری ہے، موجودہ حکومت بھی عوام دشمن نظام کو تحفظ دے رہی ہے، حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہے اور عوام پر مسلسل بوجھ بڑھا رہی ہے، ایک سال میں تین بجٹ مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کی برابری کی بنیاد پر نااہلی اور ناکامی ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارے مسائل کا حل کرپشن سے پاک گڈگورننس میں ہے، ملک و ملت کے مسائل کا حل اور استحکام اسلامی نظام کے مکمل نفاذ اور اہل و دیانتدار قیادت کے ذریعے ممکن ہے، انہوں نے کہا کہ ریاست اور حکومت سانحہ ساہیوال پر جھوٹ کا سہارا نہ لیں، ہمت اور جراءت کریں، غلطی تسلیم کریں اور خرابیوں کا ازالہ کریں۔


خبر کا کوڈ: 773995

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/773995/ریاست-اور-حکومت-سانحہ-ساہیوال-پر-جھوٹ-کا-سہارا-نہ-لیں-سیاست-کے-نظام-کو-ریویو-کرنیکی-ضرورت-ہے-لیاقت-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org