0
Thursday 24 Jan 2019 13:45

امریکہ، پریس ٹی وی کی اینکر اور معروف صحافی مرضیہ ہاشمی 11 دن کی غیر قانونی حراست کے بعد رہا

امریکہ، پریس ٹی وی کی اینکر اور معروف صحافی مرضیہ ہاشمی 11 دن کی غیر قانونی حراست کے بعد رہا
اسلام ٹائمز۔ امریکہ میں پریس ٹی وی کی اینکر اور معروف صحافی مرضیہ ہاشمی کو گیارہ دن کی غیر قانونی حراست کے بعد رہا کر دیا گیا ہے۔ پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق امریکہ میں مرضیہ ہاشمی کے گھر والوں نے جمعرات کی صبح ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ مرضیہ ہاشمی کو جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔ اس بیان میں بتایا گیا ہے کہ ان پر کسی بھی قسم کا کوئی الزام نہیں لگایا گیا ہے۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ جس طرح امریکہ میں سیاہ فاموں کے خلاف پولیس کا تشدد آمیز امتیازی رویہ سب پر عیاں ہے، اسی طرح اب مسلمانوں کے خلاف بھی ایف بی آئی کے تشدد کے بارے میں گفتگو ہونی چاہیئے۔ مرضیہ ہاشمی کی رہائی سے پہلے بدھ کے دن امریکیوں کی ایک بڑی تعداد نے واشنگٹن میں امریکہ کی فیڈرل کورٹ کی عمارت کے سامنے مظاہرہ کرکے مرضیہ ہاشمی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ جمعہ 18 جنوری کو واشنگٹن کی عدالت کے پہلے اجلاس میں ہی جج نے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ مرضیہ ہاشمی نے کسی جرم کا ارتکاب نہیں کیا ہے بلکہ انہیں ایک کیس میں کلیدی گواہ کی حیثیت سے حراست میں لیا گیا ہے۔ ماہرین قانون کا کہنا ہے کہ کسی بھی فرد کو یہ کہہ کر حراست میں لینا کہ وہ کلیدی گواہ ہے، امریکی آئین کی چوتھی ترمیم کے خلاف ہے۔ مرضیہ ہاشمی کے خاندان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مرضیہ ہاشمی اور ان کا خاندان اس بات کی اجازت نہیں دے گا کہ اس مسئلے کو فراموشی کے حوالے کر دیا جائے۔ مرضیہ ہاشمی کے خاندان والوں کو ان کی گیارہ روزہ غیر قانونی حراست پر سخت اعتراض ہے اور وہ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ انہیں غیر قانونی حراست میں رکھنے اور بد سلوکی کی اجازت کیسے دی گئی۔؟ مرضیہ ہاشمی کے کنبے والوں نے اسی کے ساتھ یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ انہیں اس بات کی ضمانت دی جائے کہ آئندہ کسی بھی مسلمان کے ساتھ اس طرح کا سلوک نہیں کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 774030
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش