0
Thursday 24 Jan 2019 19:44

خیبرپختونخوا، اسکول کے بچوں سے مہمانوں کا استقبال کرانے پر پابندی عائد

خیبرپختونخوا، اسکول کے بچوں سے مہمانوں کا استقبال کرانے پر پابندی عائد
اسلام ٹائمز۔ خیبرپختونخوا حکومت نے بچوں کے ذریعے مہمانوں کے استقبال پر پابندی عائد کردی ہے۔ آئندہ کسی بھی سرکاری تقریب میں بچے مہمان خصوصی کو گلدستہ پیش نہیں کرسکیں گے۔ عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ مہمان خصوصی کا استقبال کرنے اور گلدست پیش کرنے کیلئے بچوں کو کلاس سے نکال کر باہر کھڑا کیا جاتا ہے، مگر خیبر پختونخوا کے محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق کسی بھی استقبالیہ تقریب میں طالبعلموں کو خوش آمدید کے لئے نہیں کہا جائے گا۔ ایلمنٹیری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے ایڈیشنل ڈائریکٹر فرید خٹک نے بتایا کہ پابندی لگانے کی وجہ بچوں کی تعلیم و تدریس کا عمل متاثر ہونا ہے، کیونکہ اکثر اوقات مہمانوں کے استقبال کے لئے طالبعلموں کو گھنٹوں کھڑا رکھا جاتا تھا۔

محکمہ تعلیم نے اس سلسلے میں تمام ضلعی ایجوکیشن افسران کو آگاہ کردیا ہے، اور تنبہیہ کی گئی کہ اگر کوئی وزیر یا ایم پی اے بھی اسکول کے دورے پر آئے تو اس کو خوش آمدید کہنے کے لئے بچوں کی بجائے پرنسپل یا اسٹاف ممبر خود استقبال کریں۔ اس پابندی کا اطلاق صوبے کے تمام سرکاری اسکولوں پر ہوگا۔ ایلمنٹیری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے ایڈیشنل ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ بچے صرف تعلیم حاصل کرنے کے مقصد سے اسکول آتے ہیں، ان کو تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ دیگر صحت مندانہ سرگرمیوں میں حصہ لینا چاہیئے۔
 
خبر کا کوڈ : 774044
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش