0
Thursday 24 Jan 2019 21:11

اصغریہ اسٹوڈنٹس کے زیر اہتمام قائدعوام یونیورسٹی نوابشاہ میں نووارد طلبا کیلئے ویلکم پارٹی کا انعقاد

اصغریہ اسٹوڈنٹس کے زیر اہتمام قائدعوام یونیورسٹی نوابشاہ میں نووارد طلبا کیلئے ویلکم پارٹی کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر قمر عباس غدیری نے کہا ہے کہ تعلیم نام ہے ایک نسل کے دوسری نسل کو اپنے تجربات، احساسات  نظریات اور نتائج منتقل کرنے کا، ایک نسل دوسری نسل کو جو آدابِ زندگی اور ذہنی وراثت منتقل کرتی ہے، وہ ہی تعلیم ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے ایس او قائدِ عوام یونیورسٹی نواب شاہ کے زیر اہتمام جامعہ میں نئے آنے والے طلبا کیلئے منعقدہ خوش آمدید پارٹی میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قمر عباس غدیری نے قائدِ عوام یونیورسٹی میں نئے آنے والے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم دراصل کسی قوم کی مادی و روحانی زندگی کی روح رواں ہوتی ہے، جتنا کسی قوم کا نظامِ تعلیم مضبوط، مستحکم اور دینی اصولوں سے ہم آہنگ ہوگا، وہ قوم اتنی ہی مضبوط اور طاقتور ہوگی اور ترقی، کامیابی و کامرانی کے اعلیٰ مدارج پر فائز ہوگی۔

قمر عباس غدیری نے کہا کہ دینی طرز حیات ہی قوموں کو عروج و کمالات عطا کرتی ہے، دینی و اخلاقی تعلیم و تربیت کا نہ ہونا قوموں کو زوال و پستی کی طرف لے جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جتنا کسی قوم کا نظریۂ حیات مستحکم ہوگا، اتنا ہی وہ اپنی تعلیم کو روشن روایات عطا کر سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ علم کو انسان کی ’تیسری آنکھ‘ کہا جاتا ہے، انسان کو اپنے مقصد حیات، مقصد تخلیق، سچائی کی پہچان، حقائق کا ادراک اور معاشرے میں مہذب زندگی گزارنے کا سلیقہ علم ہی کے ذریعے حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسان کے اشرف المخلوقات ہونے کا راز بھی یہی علم اور تعلیم و تربیت ہے، اس علم کو حاصل کرنے، تعلیم و تربیت سیکھنے، عملی و فکری استعداد کو بڑھانے میں مادر علمی (اسکول و مدارس) کا کردار سب سے اہم ہے، جسے کبھی بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ انسان کی عملی و فکری افزائش میں مادر عملی کو فوقیت حاصل ہے۔
خبر کا کوڈ : 774055
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش