QR CodeQR Code

ذوالفقار بخاری کی عراقی صدر سے ملاقات

25 Jan 2019 12:22

معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی نے عراق کے وزیر برائے افرادی قوت سے بھی ملاقات میں افرادی قوت سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر جلد دستخط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی اور ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ سید ذوالفقار عباس بخاری نے عراقی صدر ڈاکٹر برہام صالح سے ملاقات کی جہاں انہوں نے دو طرفہ تعاون مضبوط کرنے پر بات کی۔ عراق میں قائم پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے حکومت میں آنے کے بعد پاکستان کی عراق سے یہ پہلی اعلیٰ سطح کی ملاقات تھی۔ اپنے دورے میں ذوالفقار بخاری نے عراق کے وزیر برائے افرادی قوت ڈاکٹر باسم الزمان مجید الربائی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں افرادی قوت سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر جلد دستخط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ معاہدہ کے تحت پاکستان ہنرمند افرادی قوت کا ڈیٹا عراقی حکومت کو فراہم کرے گا، اس سے افرادی قوت کے پاکستان سے عراق جانے کو حفاظتی اور قانونی حیثیت حاصل ہو گی۔ پاکستانی کاروباری حضرات کو عراقی ویزا آسانی سے مل سکے گا اور عراق پاکستانی سرمایہ کاروں کو مختلف شعبوں میں مدد فراہم کرے گا۔ عراق میں زراعت، تعمیری شعبے اور ریئل اسٹیٹ میں پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کرنے میں عراقی حکومت مدد فراہم کرے گی۔
عراق کے وزیر برائے افرادی قوت سے ملاقات کے دوران معاون خصوصی ذوالفقار عباس بخاری کا کہنا تھا کہ عراق میں معاشی ترقی استحکام لائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس معاہدے کے بعد عراق جانے والے پاکستانیوں کو قانونی تحفظ حاصل ہو گا۔


خبر کا کوڈ: 774117

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/774117/ذوالفقار-بخاری-کی-عراقی-صدر-سے-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org