QR CodeQR Code

منی بجٹ نے عوام کو شدید مایوس کیا ہے، امیر العظیم

25 Jan 2019 12:26

جماعت اسلامی کے رہنما کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ اسد عمر کی تقریر کا بیشتر حصہ سیاسی تھا، تقریر میں کرپشن، معاشی اصلاحات اور بیروزگاری کے خاتمے کے حوالے سے کسی بھی قسم کی کوئی ٹھوس حکمت عملی نظر نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملکی معیشت عملا جمود کا شکار ہے۔


اسلام ٹائمز۔ لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ منی بجٹ نے عوام کو شدید مایوس کیا ہے، بجٹ میں مزید نئے ٹیکس لگانے سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگا، ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ حکومت ملکی معیشت بہتر بنانے کیلئے ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات کرتی اور ملکی وسائل پر انحصار کرکے غریب عوام کو ایسا معاشی ریلیف پیکیج دیا جاتا کہ اس کے ذریعے لوگوں کے مسائل حل ہوتے اور مہنگائی پر بھی قابو پایا جاتا لیکن افسوسناک امریہ ہے کہ ایسا نہیں ہو سکا۔ تحریک انصاف کی حکومت عوامی توقعات پر پورا اترنے میں ابھی تک ناکام ثابت ہوئی ہے۔ امیر العظیم  نے کہاکہ ڈبے کا دودھ، شیمپو، پنیر اور دیگر ضروریات زندگی کی اشیاء پر ڈیوٹی بڑھانے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا، عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ اسد عمر کی تقریر کا بیشتر حصہ سیاسی تھا، تقریر میں کرپشن، معاشی اصلاحات اور بیروزگاری کے خاتمے کے حوالے سے کسی بھی قسم کی کوئی ٹھوس حکمت عملی نظر نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملکی معیشت عملا جمود کا شکار ہے، ناقص حکومتی معاشی پالیسیوں سے صنعتیں بند اور بے روزگاری میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے، عوام کو کسی بھی قسم کا کوئی ریلیف میسر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو حکومت حکمت عملی کا نام دے کر عوام سے کیے گئے وعدوں سے یوٹرن لے اس سے کیسے بہتری کی امید کی جا سکتی ہے؟ منی بجٹ کا بم گرانے کیساتھ ہی فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر بجلی کے نرخوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے، جس سے صارفین پر 4 ارب 20 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی قرضے پہاڑ کی طرح سر پر کھڑے ہیں، ہر پاکستانی اس وقت ایک لاکھ 24 ہزار سے زائد کا مقروض ہے، حکومت روزانہ نئے نوٹ چھاپ کر مہنگائی بڑھانے اور آئی ایم ایف کی سخت شرائط پر عملدرآمد کرنے کیلئے بے تاب نظر آتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 774119

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/774119/منی-بجٹ-نے-عوام-کو-شدید-مایوس-کیا-ہے-امیر-العظیم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org