QR CodeQR Code

عمران خان اور امریکی صدر کی ملاقات سے اسٹریٹیجک تعلقات مضبوط ہوں گے، شاہ محمود قریشی

25 Jan 2019 14:51

میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اس ملک کو کس نے لوٹا اور تباہ کیا یہ سب جانتے ہیں، پچھلے 10 برسوں میں اس ملک کو تباہ کیا گیا، لوگوں نے ہمارے آنے کے بعد بھونچال کھڑا کردیا تھا کہ معیشت کا بھٹہ بیٹھ گیا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ امریکا کو پاکستان کی ضرورت ہے تاہم امریکی صدر کی وزیراعظم سے ملاقات ہوگی تو دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط ہوں گے۔ میرپور خاص میں میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس ملک کو کس نے لوٹا اور تباہ کیا یہ سب جانتے ہیں، پچھلے 10 برسوں میں اس ملک کو تباہ کیا گیا، لوگوں نے ہمارے آنے کے بعد بھونچال کھڑا کردیا تھا کہ معیشت کا بھٹہ بیٹھ گیا، یہ لوگ جانتے تھے کہ معیشت کا بھٹہ کون بٹھا کر گیا اور کس حالت میں ہمیں معیشت ملی تھی، پچھلے 10 برسوں میں معاشی فیصلے کس نے کیے تھے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کے پی کے کی طرح سندھ اور پنجاب کی پولیس کو بھی بہتر کریں گے، سیاسی بنیادوں پر پولیس میں کالی بھیڑوں کو لایا گیا جن کے خلاف کارروائی ہو رہی ہے، پولیس کا کام لوگوں کی جان لینا نہیں بلکہ عوام کی جانوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کو پاکستان کی ضرورت ہے، امریکی صدر کی عمران خان سے ملاقات ہوگی تو دونوں ممالک کے اسٹریٹیجک تعلقات مضبوط ہوں گے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور غریب کو رہنے کے لیے چھت ملے گی، بہترین معاشی پالیسی کے باعث بہت سے انویسٹر پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کر رہے ہیں، ہماری تجارت اور ایکسپورٹ بڑھنی شروع ہو رہی ہے، ملکی معیشت درست سمت کی طرف مڑ چکی ہے، انشاء اللہ بہتری کے امکانات موجود ہیں۔


خبر کا کوڈ: 774146

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/774146/عمران-خان-اور-امریکی-صدر-کی-ملاقات-سے-اسٹریٹیجک-تعلقات-مضبوط-ہوں-گے-شاہ-محمود-قریشی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org