0
Saturday 26 Jan 2019 11:45

عالمی برادری کو کشمیریوں پر بھارتی مظالم کیخلاف آواز بلند کر کے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، ڈاکٹر شیریں مزاری

عالمی برادری کو کشمیریوں پر  بھارتی مظالم کیخلاف آواز بلند کر کے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، ڈاکٹر شیریں مزاری
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برداری پراپنا کردار ادا کرنے پر زور دیا ہے۔ یہ بات وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے چیئرمین ساؤتھ ایشیا سنٹر فار پیس اینڈ ہیومن رائٹس پروفیسر نذیر احمد شاول سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ قانون کے سربراہ ڈاکٹر عدنان رحمان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈاکٹر شیریں مزاری اور پروفیسر نذیر احمد شاول کے درمیان ملاقات میں بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال، کشمیریوں کے سلب شدہ بنیادی حقوق اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر شیریں مزاری نے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی صورتحال پرتشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے معاملے کو عالمی سطح اور اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے سامنے اٹھانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی یقین دہانی کرائی۔ وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو بھارتی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی اور نہتے کشمیریوں پر مظالم کیخلاف آواز بلند کرنی چاہیے اور مسئلہ کشمیرکے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں انسانیت کیخلاف جرم ہیں، بھارت نے طاقت کے بول بوتے پر کشمیریوں کو عالمی قراردادوں سے ملے ہوئے بنیادی حق سے محروم کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے خواتین، انسانی حقوق کیخلاف منظم کارروائیوں سے ہم واقف ہیں اور مسئلے کے حل کے لیے استصواب رائے سے بھی آگے بڑھیں گے۔ ڈاکٹر شیریں مزاری نے اقوام متحدہ کے کمشنر برائے انسانی حقوق کو دورہ پاکستان کی دعوت سے متعلق بھی آگاہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 774297
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش