0
Saturday 26 Jan 2019 14:49

اندرونی خودمختاری کی بحالی 26 جنوری منانے کا مقصد پورا کرسکتی ہے، شیخ مصطفٰی کمال

اندرونی خودمختاری کی بحالی 26 جنوری منانے کا مقصد پورا کرسکتی ہے، شیخ مصطفٰی کمال
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفٰی کمال نے جموں میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی آئین کے تحت جہاں ملک کے تمام مذاہب اور طبقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو مذہبی اور اظہارِ رائے کی آزادی کا حق حاصل ہوا وہیں اسی آئین میں جموں و کشمیر کی اندرونی خودمختاری کا اندراج بھی ہوا۔ انہوں نے کہا کہ افسوس یہ ہے کہ موجودہ دور میں بھارت کی اقلیتوں کی مذہبی آزادی سلب کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی خصوصی پوزیشن پر شب خون مارنے کے مزید راستے ڈھونڈے جارہے ہیں۔ شیخ مصطفٰی کمال نے کہا کہ ایسے میں 26 جنوری کی تقریبات میں جمہوریت اور آئین کی رکھوالی کے بلند بانگ دعوے کرنا لوگوں کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے۔

شیخ مصطفٰی کمال نے کہا کہ انگریز سامراج سے آزادی حاصل کرنے کے بعد جموں و کشمیر نے آزاد ہندوستان کے ساتھ مشروط الحاق کیا اور اس مشروط الحاق کو بھارت کے آئین میں شامل کرکے ہماری ریاست کو خصوصی درجہ حاصل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ 26 جنوری کے موقعے پر ہم اُن شخصیات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک کا آئین مرتب کیا اور اس آئین میں جموں و کشمیر کی اندرونی خودمختاری کو آئینی شکل دی۔ انہوں نے کہا کہ 26 جنوری منانے کا مقصد اُسی صورت میں پورا ہوسکتا ہے جب طاقت کے ذریعے جموں و کشمیر سے چھینی گئی اندرونی خودمختاری کو واپس بحال کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 774304
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش