0
Saturday 26 Jan 2019 22:40

آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن کا اجلاس، حکومتی پالیسیوں کیخلاف احتجاج کی تیاری

آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن کا اجلاس، حکومتی پالیسیوں کیخلاف احتجاج کی تیاری
اسلام ٹائمز۔ پنجاب کے لاکھوں سرکاری ملازمین احتجاجی تحریک کے لیے تیار ہیں، کسی بھی وقت پنجاب میں احتجاج کی کال دی جاسکتی ہے، محکمہ تعلیم، محکمہ ہیلتھ کی طرح دیگر دفاتر میں سپروائزری اسامیاں ختم کرنا حکومت ملازم کش پالیسی تصور ہوگی، بجٹ آفیسرز، اکائونٹس آفیسرز، ایڈمن آفیسرز اور رجسٹرار کی اسامیاں سرکاری ملازمین کا مستقبل ہیں، جس کو کسی بھی صورت میں ختم نہیں ہونے دیں گے۔ سابقہ دور میں سلیکشن گریڈ اور اضافی ترقیاں ختم کی گئیں، اب جمہوری دور میں ہماری سپروائزری اسامیاں ختم کرنا مارشل لاء کی یاد تازہ ہوگی، جس کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا، پنجاب کے جملہ اضلاع ڈویژن میں سرکاری ملازمین سراپا احتجاج ہوں گے، لگتا ہے کہ بیوروکریسی حکومت مخالف سازش میں مصروف عمل ہے، وہ ملک کے لاکھوں خاندانوں کو سڑکوں پر لانا چاہتی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب سردار محمد عثمان بزدار اور وزیراعظم پاکستان عمران خان ایسی پالسیوں پر توجہ دیں، سازشی عناصر کی حوصلہ شکنی کریں، فوری طور پر چیف سیکرٹری پنجاب کی طرف سے جاری شدہ غیر آئینی، غیر اخلاقی پوسٹوں کو ختم کرنے کا لیٹر منسوخ کریں۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل ایپکا پاکستان رانا محمد اقبال نون اور جنرل سیکرٹری ایپکا پنجاب فخر الرحمن اظہر نے ملتان میں جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ میں سروس اسٹریکچر بحال کیا جائے، ڈیلی ویجز، ورک چارج، کنٹریکٹ ملازمین کو فوری طور پر ریگولر کیا جائے، ایپکا کے چارٹر آف ڈیمانڈ کے مطابق مطالبات پورے کئے جائیں، مقررین نے کہا کہ ہر مشکل گھڑی میں ہر حکومت کی مدد کی، قرض اتارو ملک سنوارو مہم میں 64 کروڑ روپے دیئے۔ سیلاب زدگان، زلزلہ زدگان اور ڈیم فنڈ میں اربوں روپے کی مدد کی، ہمارے لیے مشکلات پیدا کرنا حکومت وقت کا افسوسناک اقدام ہوگا، جس کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، اس موقع پر سید ارشاد حسین نقوی، ملک شفیق اعوان، سرپرست اعلیٰ ملک انور حسین کچالہ، مہر محمد نواز کرنانہ سیال صدر حویلی یونٹ، صوبائی سینئر نائب صدر پنجاب ملک غلام عباس کھوکھر، سماجی رہنما الحاج عبدالسلام، رانا محمد جمیل، قاری محمد طارق، ملک محمد یوسف سینیئر نائب صدر، محمد اقبال خان، محمد رمضان سمرا نے بھی خطاب کیا۔ رہنماؤں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ چارٹر آف ڈیمانڈ کے مطابق مطالبات پورے کئے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 774441
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش