0
Saturday 26 Jan 2019 23:21

ملکی سلامتی کیلئے دہشتگردی اور عالمی سازشوں سے یکجا ہوکر نمٹنا ہوگا، ثروت قادری

ملکی سلامتی کیلئے دہشتگردی اور عالمی سازشوں سے یکجا ہوکر نمٹنا ہوگا، ثروت قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کرنیوالوں کے ساتھ ہیں، ملک کی سلامتی کیلئے دہشتگردی اور عالمی سازشوں سے یکجا ہوکر نمٹنا ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں اپنی رہائشگاہ قادری ہاؤس پر معززین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان کے استحکام و سلامتی یقینی بنانے کیلئے ملک کے عوام یکجا اور پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں، ہماری دو اعلیٰ قیادتوں کو شہید کر دیا گیا اور سینکڑوں کارکنان نے دہشتگردی کے خلاف جام شہادت نوش کیا، مگر ہمیں آج تک انصاف فراہم نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہماری شان پہچان اور آن ہے، ان شاء اللہ اس کی سلامتی کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرینگے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ملک کی ترقی اور عوام کے مسائل کو حل کرنے یا اس پر آواز اٹھانے والوں کی حمایت کرتے رہینگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موجودہ دور میں بیرونی سازشوں میں گھیرا ہوا ہے، پاکستان کے استحکام، سلامتی کیلئے ہمیں عملی طور پر میدان میں نکلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نشترپارک کراچی کے جانثاران مصطفیٰ کانفرنس میں ملک کے استحکام و سلامتی کیلئے مثبت پیغام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمنوں قوتوں کے خلاف ہم ایک ہیں، کسی بھی بیرونی سازش کو کامیاب ہونے نہیں دینگے۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں شعور اجاگر کیا جائے کہ وہ بیرونی سازشوں کو سمجھیں، انتہاپسندی اور دہشتگردی کرنیوالے کسی طور بھی ملک کے وفادار نہیں ہو سکتے۔
خبر کا کوڈ : 774462
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش