QR CodeQR Code

جنوبی پنجاب صوبے سے مسائل کا حل ممکن ہے، یکم جولائی سے کام شروع ہوگا، طاہر بشیر چیمہ

27 Jan 2019 11:40

ممبران پارلیمنٹ کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے کہا کہ انہیں عمران خان اور چوہدری طاہر بشیر چیمہ جیسی مخلص قیادت میسر ہے، جنکی راہنمائی میں جلد عوام کو نئے صوبہ کی خوشخبری دی جائیگی۔


اسلام ٹائمز۔ چیئرمین ایگزیکٹو کونسل جنوبی پنجاب صوبہ چوہدری طاہر بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ وہ وقت دور نہیں، جب اس خطے کے عوام کی قربانیاں رنگ لائیں گی، ان کی خواہشوں کے مطابق جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام کی صورت میں ان کے مسائل کا حل ممکن ہوسکے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کے لیے بااختیار سیکرٹریٹ اس سال یکم جولائی سے اپنے کام کا آغاز کرے گا۔ اس امر کا اظہار انہوں نے مظفر گڑھ سے تعلق رکھنے والے ممبران پارلیمنٹ کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں وزیر خوراک پنجاب سمیع اللہ چوہدری سمیت مظفر گڑھ سے ایم پی اے علمدار عباس قریشی، ایم پی اے سبطین شاہ، ایم پی اے مخدوم رضا بخاری، ایم پی اے سردار عون ڈوگر، ایم پی اے نوابزادہ منصور علی خان، ایم پی اے نوابزادہ گزین عباسی، ایم پی اے علی رضا اور ممبر سی ایم ٹاسک فورس ڈاکٹر وسیم لنگڑیال، میاں عاطف متیانہ نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے اس موقع پر حاضرین کو جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام کے حوالے سے حکومت کی کاوشوں سے آگاہ کیا اور مسرت کا اظہار کیا کہ انہیں عمران خان اور چوہدری طاہر بشیر چیمہ جیسی مخلص قیادت میسر ہے، جن کی راہنمائی میں جلد عوام کو نئے صوبہ کی خوشخبری دی جائے گی، میٹنگ کے دوران جنوبی پنجاب کے عوام کے مسائل کے ساتھ ساتھ جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام کے حوالے سے عوام اور ان رہنماؤں کے سوالات کے جواب بھی دیئے گئے۔


خبر کا کوڈ: 774511

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/774511/جنوبی-پنجاب-صوبے-سے-مسائل-کا-حل-ممکن-ہے-یکم-جولائی-کام-شروع-ہوگا-طاہر-بشیر-چیمہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org