0
Sunday 27 Jan 2019 18:10

وزیر صحت کا مردان کے مختلف ہسپتالوں کا دورہ، ایم ایس تخت بھائی ہسپتال معطل

وزیر صحت کا مردان کے مختلف ہسپتالوں کا دورہ، ایم ایس تخت بھائی ہسپتال معطل
اسلام ٹائمز۔ وزیر صحت خیبر پختونخوا ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے ضلع مردان کے مختلف ہسپتالوں کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ناقص کارکردگی کی بناء پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) تخت بھائی ہسپتال کو معطل جبکہ سٹاف کی غیر حاضری پر کاٹلنگ ٹائپ ڈی ہسپتال کے ایم ایس کو اگلے ہفتے اپنے دفتر طلب کرلیا۔ ترجمان محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ اس اچانک دورے کے موقع پر سیکرٹری صحت ڈاکٹر فاروق جمیل اور مشیر صحت ڈاکٹر جواد واصف بھی وزیر صحت کے ہمراہ تھے۔ وزیر صحت نے تخت بھائی ہسپتال کے ایم ایس کو ناقص کارکردگی کی بناء پر معطل کرکے انکوائری کے احکامات جاری کردیئے جبکہ کاٹلنگ ٹائپ ڈی ہسپتال میں سٹاف کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہسپتال ایم ایس کو اگلے ہفتے دفتر طلب کرلیا۔ اس موقع پر وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں مشینری ہے مگر اسٹاف نہیں، صوبے کے ہر ہسپتال کا خود دورہ کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ فنڈز کی کمی کا بہانہ بنا کر ڈیوٹی سے جان چھڑائی جاتی ہے، ہسپتال میں بہتر مینجمنٹ اور صفائی کیلئے فنڈز کی نہیں ایمانداری اور خلوص کی ضرورت ہے، نئے پاکستان میں ڈیوٹی سے غفلت برداشت نہیں کریں گے۔ وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے کہا کہ جعلی ڈاکٹروں کے حوالے سے انکوائری جاری ہے، سیکرٹری ہیلتھ کی سربراہی میں ہونے والی انکوائری کے بعد جعلی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جعلی ڈاکٹروں کو ہرگز نہیں چھوڑا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 774599
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش