QR CodeQR Code

باجوڑ پولیو کیسز، غفلت برتنے پر 7 اعلٰی افسران کیخلاف کاروائی کا اعلان

27 Jan 2019 19:41

بابر بن عطاء اور ڈپٹی کمشنر باجوڑ عثمان محسود نے پولیو قطروں سے انکاری والدین کے بارے میں ضلعی انتظامیہ، ڈسٹرکٹ سرجن اور اپنے بالا افسران کو آگاہ نہیں کیا تھا۔ ان کی بنیادی ذمہ داری یہ تھی کہ وہ انکاری والدین کے بارے میں بروقت اپنے افسران کو اطلاع دیتے مگر انہوں نے جان بوجھ کر ایسا نہیں کیا اور سارے معاملے پر چشم پوشی اختیار کی۔


اسلام ٹائمز۔ باجوڑ میں پولیو کے پے درپے کیسز سامنے آنے پر 7 اعلٰی پولیو آفیسرز کو نوکری سے فارغ کردیا گیا ہے۔ فارغ ہونیوالے میں اقوام متحدہ کے 4 اور محکمہ صحت کے 3 آفیسرز شامل ہیں۔ اس ضمن میں وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے انسداد پولیو بابر بن عطاء اور ڈپٹی کمشنر باجوڑ عثمان محسود نے باجوڑ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ باجوڑ میں پے در پے پولیو کیسز قبائلی اضلاع، صوبے اور پاکستان کیلئے بدنامی کا باعث ہے۔ پولیو کیسز کیوجہ سے بین الاقوامی سطح ملک کی بدنامی ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار شفاف انکوائری کی گئی، جس کے بعد غفلت برتنے والے آفیسرز کیخلاف کاروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے انسداد پولیو بابر بن عطاء نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی حکم پر ضلع باجوڑ آیا ہوں، کیونکہ یہاں پر پے درپے 3 پولیو کیسز نے حکومت کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے اور پولیو کیسز نہ صرف پاکستان کیلئے باعث تشویش ہے، بلکہ یہ دنیا کیلئے بھی باعث تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع اور باجوڑ میں کوئی نوگو ایریا نہیں ہیں اور ہر جگہ تک ہماری رسائی ممکن ہے۔ باجوڑ میں 3 پولیو کیسز آنے کے بعد ہم نے شفاف انکوائری کی اور ڈپٹی کمشنر باجوڑ کی تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں ذمہ دار افراد کیخلاف کاروائی کی گئی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ جن افسران کو فارغ کیا گیا ہے، اْن کی کوتاہی یہ تھی کہ انہوں نے پولیو قطروں سے انکاری والدین کے بارے میں ضلعی انتظامیہ، ڈسٹرکٹ سرجن اور اپنے بالا افسران کو آگاہ نہیں کیا تھا۔ ان کی بنیادی ذمہ داری یہ تھی کہ وہ انکاری والدین کے بارے میں بروقت اپنے افسران کو اطلاع دیتے، مگر انہوں نے جان بوجھ کر ایسا نہیں کیا اور سارے معاملے پر چشم پوشی اختیار کی۔


خبر کا کوڈ: 774605

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/774605/باجوڑ-پولیو-کیسز-غفلت-برتنے-پر-7-اعل-ی-افسران-کیخلاف-کاروائی-کا-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org