0
Monday 28 Jan 2019 21:08

الکوثر ہاؤس آف لرننگ مٹیاری کے زیر اہتمام طالبات کیلئے درس اخلاق کا انعقاد

الکوثر ہاؤس آف لرننگ مٹیاری کے زیر اہتمام طالبات کیلئے درس اخلاق کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ الکوثر ہاؤس آف لرننگ مٹیاری کے زیر اہتمام طالبات کیلئے اسلامی تعلیم و تربیت کا سلسلہ جاری ہے، اسی حوالے سے مین کیمپس ہالا سٹی میں درس اخلاق کا اہتمام کیا گیا، نشست میں معلمہ ام کلثوم نے درس دیا۔ اس موقع پر کثیر تعداد میں طالبات نے شرکت کی۔ معلمہ ام کلثوم نے درس دیتے ہوئے کہا کہ اخلاق کامیابی کی وہ کنجی ہے، جس سے دنیا کی کامیابی کا ہر دروازہ کھولنا ممکن ہے، اس کنجی سے کسی بھی انسان کے دل میں اپنی جگہ بنائی جا سکتی ہے، مگر یہ تب ممکن ہے کہ جب سچے دل اور پوری سچائی کے ساتھ بنا لالچ کے اس پر عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اخلاقی تربیت وہ تربیت ہے، جو انسان کو چاند ستاروں جیسا چمکا سکتی ہے، اخلاقی تربیت کی ابتداء ماں کی گود سے شروع ہوکر خاندان کے ہر افراد سمیت دیگر افراد کے درمیان پروان چڑھتی ہے، جو بعد میں اگلی نسل میں منتقلی کا کام بھی سرانجام دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی قانون کے مطابق بچوں کی تربیت پر خاص توجہ مرکوز رکھی جاتی ہے، اس بات کا خاص دھیان رکھا جاتا ہے کہ بچے میں منفی اوصاف کا خاتمہ ہو اور اس کی شخصیت مثبت اوصاف کی حامل ہو۔

معلمہ ام کلثوم نے کہا کہ قرآن پاک ہمیں زندگی کے ہر مسئلے میں اخلاقی تربیت کی طرف آمادہ کرتا ہے، چھوٹی چھوٹی تمام مثبت باتوں اور خوبیوں کو اپنی شخصیت کا حصہ بنائیں، جیسے قطرہ قطرہ سمندر بنتا ہے، اسی طرح اچھے اوصاف خود میں شامل کرنے سے انسان کی شخصیت چاند ستارے جیسی چمکنے لگتی ہے۔ واضح رہے کہ الکوثر ہاؤس آف لرننگ ایک متحرک اور فعال ادارہ ہے، جو تعلیم کے ساتھ ساتھ اسلامی تربیت سے متعلق بھی سنجیدہ کردار ادا کر رہا ہے، ادارے کے بورڈ میں اصغریہ علم و عمل تحریک کے رہنماء سید شکیل شاہ حسینی، محمد عیدن بلال و دیگر افراد شامل ہیں، جن کی نظارت میں ادارہ اسلامی تعلیم و تربیت کے حوالے سے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 774818
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش