QR CodeQR Code

نعروں سے تبدیلی نہیں آتی، بلاتفریق احتساب ضروری ہے، سینیٹر سراج الحق

28 Jan 2019 23:08

ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے الیکشن میں جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کا وعدہ کیا تھا، جسکا مقصد اس علاقے کی پسماندگی کو دور کرنا تھا، مگر سابقہ حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت نے بھی حسب معمول عوام سے کوئی وعدہ پورا نہیں کیا اور جنوبی پنجاب صوبے کا وعدہ خواب بن گیا۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں سب سول سیکرٹریٹ بنانے کی بجائے مکمل صوبہ بنایا جائے، جس کا الگ گورنر، وزیراعلیٰ اور اسمبلی ہو، موجودہ حکومت نے 6 ماہ میں عوام سے کیا ہوا ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا، جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پورے کرے اور ملک کو مدینہ کی طرز پر اسلامی ریاست بنایا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میڈیا سنٹر دارالسلام  میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، صوبائی سیکرٹری جنرل راؤ محمد ظفر، ضلعی امیر ڈاکٹر صفدر اقبال ہاشمی، صوبائی سیکرٹری اطلاعات کنور محمد صدیق کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے الیکشن میں جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کا وعدہ کیا تھا، جس کا مقصد اس علاقے کی پسماندگی کو دور کرنا تھا، مگر سابقہ حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت نے بھی حسب معمول عوام سے کوئی وعدہ پورا نہیں کیا اور جنوبی پنجاب صوبے کا وعدہ خواب بن گیا۔

مسلم لیگ نون کے دور میں فارورڈ بلاک کے لوگ اب پی ٹی آئی میں شامل ہیں، ایوان میں موجود ہیں، لیکن جنوبی پنجاب کی محرومیوں کے ازالے کیلئے ان کی کوئی توجہ نہیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کیا حکومت بتا سکتی ہے کہ ایک کروڑ نوکریوں میں سے جنوبی پنجاب کو کتنی نوکریاں دی گئیں؟ 50 لاکھ گھروں میں کتنے گھر دیئے گئے۔؟ میرے نزدیک جنوبی پنجاب میں بے گھر لوگوں کی تعداد دیگر علاقوں سے زیادہ ہے، معاشی نظام کی صورتحال یہ ہے کہ روپے کی قدر میں 35 فیصد کمی آئی ہے، بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، موجودہ حکومت پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے نقشے قدم پر چل رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 774829

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/774829/نعروں-سے-تبدیلی-نہیں-آتی-بلاتفریق-احتساب-ضروری-ہے-سینیٹر-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org