0
Tuesday 29 Jan 2019 22:54

ترقی یافتہ اور خوشحال بلوچستان کا قیام موجودہ حکومت کا وژن ہے، جام کمال خان

ترقی یافتہ اور خوشحال بلوچستان کا قیام موجودہ حکومت کا وژن ہے، جام کمال خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال خان نے اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترقی یافتہ، خوشحال اور تعلیم یافتہ بلوچستان کے اہداف کو حاصل کرنے کیلئے حکومت صوبہ بھر میں یکساں ترقیاتی عمل کو مربوط طریقے سے آگے بڑھانے کیلئے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں کسی علاقے کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔ کوئٹہ میں اپوزیشن اراکین اسمبلی کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ یہ ہم سب کا صوبہ ہے اور یہ ہماری آئینی ذمہ داری ہے کہ صوبے سے غربت، پسماندگی اور ناخواندگی کا خاتمہ کرکے بلوچستان کو دیگر صوبوں کے برابر لائیں، ملاقات میں صوبے میں جاری ترقیاتی عمل، بلدیاتی انتخابات، پی ایس ڈی پی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلٰی جام کمال  نے کہا کہ ترقی یافتہ اور خوشحال بلوچستان کا قیام موجودہ حکومت کا وژن ہے، جس کی تکمیل کیلئے ہم سب کو اپنا آئینی کردار ادا کرنا ہوگا، صوبے کے کسی علاقے کو وسائل کی تقسیم میں نظر انداز نہیں کیا جائے گا، صوبے کے بہتر مفاد میں اپوزیشن سے ہر اہم امور پر مشاورت کی جائے گی، حکومت وسائل کی منصفانہ تقسیم پر یقین رکھتی ہے اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی خواہش ہے کہ جلد سے جلد اسمبلی میں کمیٹیوں کی تشکیل کو یقینی بنایا جا سکے، جن کی بروقت تشکیل انتہائی اہمیت کی حامل ہے، وزیراعلٰی نے اپوزیشن اراکین کو یقین دلایا کہ حکومت کمیٹیوں کے جلد از جلد قیام اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کی نامزدگی میں اپنے مقصد اور ذمہ داری کو احسن طریقے سے ادا کرے گی۔ وزیراعلٰی بلوچستان کا کہنا  ہے کہ پی ایس ڈی پی میں کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی، تمام علاقوں کو یکساں ترقی کے سفر میں شامل کیا جائے گا، پی ای ڈی پی میں اپوزیشن اراکین کے اضلاع کو خصوصی اہمیت دی جائے گی، اپوزیشن حکومت کا حصہ ہے، اس کے بغیر ترقی کے اہداف حاصل نہیں کئے جا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اراکین اسمبلی اپنے حلقوں سے ووٹ لے کر منتخب ہوئے ہیں، ان کے متعلقہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں سمیت مختلف امور پر باہمی مشاورت کے بعد ہی کوئی اقدامات اور فیصلے کئے جائیں گے۔ وزیراعلٰی نے امید ظاہر کی کہ اپوزیشن اراکین اسمبلی میں صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں حکومتی اقدامات اور ان اہداف کی تکمیل میں بھرپور تعاون کرے گی۔
 
خبر کا کوڈ : 775059
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش