0
Wednesday 8 Jun 2011 10:58

دہشت گردی کیخلاف جنگ میں کبھی قومی اسٹرٹیجک مفادات کو داﺅ پر نہیں لگنے دیا، آرمی چیف

دہشت گردی کیخلاف جنگ میں کبھی قومی اسٹرٹیجک مفادات کو داﺅ پر نہیں لگنے دیا، آرمی چیف
کوئٹہ:اسلام ٹائمز۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے واضح کیا ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے کبھی اپنے بنیادی قومی اسٹرٹیجک مفادات کو داﺅ پر نہیں لگنے دیا، فوج کی آپریشنل اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں مزید بہتری کے لئے کوشاں ہیں، بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لئے سول حکومت کی مدد کی جا رہی ہے۔ عسکری ذرائع کے مطابق آرمی چیف نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ میں زیر تربیت فوجی افسران سے خطاب اور ان کے تند و تیز سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا فوج آئین میں دیئے گئے اپنے کردار کے مطابق اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہے، ہمارے نزدیک ملکی دفاع اور سلامتی کا تحفظ اولین ترجیح ہے، انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ اور عالمی اتحادیوں سے تعاون پر کہا کوئی بھی ملک دہشت گردی اور پر تشدد انتہا پسندی کی جنگ اکیلے نہیں جیت سکتا، اس جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں اور یہ سلسلہ جاری ہے، جس کا مقصد ملک اور معاشرے کو قوم کی حمایت سے دہشت گردی کے ناسور سے نجات دلانا ہے اور اس سلسلے میں ہمیں واضح کامیابی ملی ہے۔ 
زیر تربیت فوجی افسران نے جنرل کیانی سے ایبٹ آباد آپریشن پر بھی سخت سوالات کئے، جن کا انہوں نے تحمل سے جواب دیا اور کہا اس معاملے پر عسکری اور سیاسی قیادت نے امریکہ سمیت سب کو اپنے قومی نقطہ نظر سے آگاہ کر دیا ہے۔ انہوں نے قومی دفاع کے اداروں کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا محدود وسائل کے باوجود فوج کی پیشہ ورانہ اور آپریشنل صلاحیتوں میں بہتری آئی ہے اور فوج کے تربیتی پروگرام اور مشقیں اپنے شیڈول کے مطابق جاری ہیں، جنرل کیانی نے بلوچستان میں امن کے قیام سے متعلق کہا کئی مقامات پر فوج کی جگہ ایف سی کو کنٹرول دیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 77506
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش