QR CodeQR Code

مہنگائی و بیروزگاری نے عوام کی زندگی تنگ کر دی، جماعت اسلامی سندھ

29 Jan 2019 23:57

کراچی میں شعبہ جات کے ناظمین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ کے عوام کی محرومیوں کو ختم کرنے میں ناکام، جبکہ تبدیلی سرکار نے عوام کے ارمانوں کا قتل اور امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ کا کہنا ہے کہ مہنگائی و بیروزگاری نے عوام کی زندگی تنگ کر دی ہے، حکومت مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کرنے کے اقدامات کرکے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرے، جماعت اسلامی دعوت دین کی جماعت ہے، جو قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کی جدوجہد کر رہی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں صوبائی دفتر میں شعبہ جات کے ناظمین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کاشف سعید شیخ نے مزید کہا کہ کسی بھی تنظیم میں شعبہ جات کی بڑی اہمیت ہوتی ہے، صوبائی منصوبہ عمل میں رنگ بھرنے اور اسے پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے شعبہ جات کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

کاشف سعید شیخ نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ کے عوام کی محرومیوں کو ختم کرنے میں ناکام، جبکہ تبدیلی سرکار نے عوام کے ارمانوں کا قتل اور امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف، روزگار اور اپنے گھروں سے محروم کر دیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مسائل سے نجات اور عوام کی فلاح و بہبود صرف اور صرف قرآن و سنت کے نفاذ اور دیانتدار و مخلص قیادت کے آگے آنے میں مضمر ہے۔ قبل ازیں تمام شعبہ جات نے اپنی سہ ماہی رپورٹ پیش کی۔


خبر کا کوڈ: 775070

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/775070/مہنگائی-بیروزگاری-نے-عوام-کی-زندگی-تنگ-کر-دی-جماعت-اسلامی-سندھ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org