QR CodeQR Code

علیحدہ صوبہ کے نام پر سیاسی جماعتوں نے سرائیکی وسیب کیساتھ ڈرامہ رچایا ہے، جمشید دستی

30 Jan 2019 23:39

مظفرگڑھ میں عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے عوامی راج پارٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف نے سرائیکی وسیب کے ساتھ دھوکہ کیا ہے، ان تینوں سیاسی جماعتوں کو بے نقاب کرینگے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی راج پارٹی کے چیئرمین جمشید احمد دستی نے کہا ہے کہ بہاولپور اور جنوبی پنجاب صوبے کا ناکام ڈرامہ منافق سیاستدانوں کی اختراع ہے، ان سیاستدانوں نے ہمیشہ سرائیکی وسیب کے ساتھ فراڈ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ اگر ڈویژن بہاولپور کو صوبہ بنانا ہے تو پہلے صوبہ بننے کا حق ڈیرہ غازی خان ڈویژن کا ہے، جس کا پسماندگی میں پہلا نمبر ہے، انہوں نے کہا کہ سرائیکی صوبہ دینے کا وعدہ کرنے والے اب نئے ڈرامے کر رہے ہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف نے سرائیکی وسیب کے ساتھ دھوکہ کیا ہے، ان تینوں سیاسی جماعتوں کو بے نقاب کریں گے۔ انہوں نے کہا یہ سیاسی جماعتیں آج بھی سرائیکی وسیب کے لوگوں کو تقسیم کرکے خطرناک کھیل کھیل رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی راج پارٹی 23 مارچ کو بقائے پاکستان اور علیحدہ صوبہ تحریک کے لئے مظفرگڑھ میں تاریخی جلسہ کر رہی ہے، جلسہ میں سرائیکی خطے میں ہونے والی پولیس گردی، جاگیرداروں کی لوٹ مار، کرپشن، لاقانونیت، عوام پر ہونے والے مظالم کے خلاف اور کسان دشمن پالیسیوں کی جدوجہد کا اس جلسے سے آغاز کریں گے، اسی جلسے سے علیحدہ صوبہ تحریک کا باقاعدہ آغاز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں شوگر ملیں کسانوں کا استحصال کر رہی ہیں، گنے کی فی ٹرالی میں دو سو من کٹوتیاں کی جا رہی ہیں، کسان بدحالی کا شکار ہے، انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان پرانے مردہ سیاسی گھوڑوں کی بھینٹ چڑھ گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 775180

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/775180/علیحدہ-صوبہ-کے-نام-پر-سیاسی-جماعتوں-نے-سرائیکی-وسیب-کیساتھ-ڈرامہ-رچایا-ہے-جمشید-دستی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org