0
Thursday 31 Jan 2019 17:25

جنوبی پنجاب کو پس پشت ڈال دیا، حکمران عوام کو سول سیکرٹریٹ کے لولی پاپ پر ٹرخا رہے ہیں، پی پی ملتان

جنوبی پنجاب کو پس پشت ڈال دیا، حکمران عوام کو سول سیکرٹریٹ کے لولی پاپ پر ٹرخا رہے ہیں، پی پی ملتان
اسلام ٹائمز۔ جنوبی پنجاب سے وابسطہ اعلیٰ حکومتی عہدوں پر براجمان سیاسی شخصیات کی فوج ظفر موج کے باوجود پی ٹی آئی اگر جنوبی پنجاب صوبہ نہ بنائے تو پھر فوری طور پر مستعفی ہو کر سابق صدر شریک چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی آصف علی زرداری کی بیعت کر لیں، کیونکہ صوبہ جنوبی پنجاب پیپلزپارٹی ہی بنا کر دم لے گی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی ملتان شہر کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری و صدر کلرک بار ایسوسی ایشن ضلع کچہری ملتان حاجی امین ساجد، پیپلزپارٹی علماء مشائخ ونگ جنوبی پنجاب کے سینیئر نائب صدر مرزا نذیر بیگ، پیپلزپارٹی ملتان ضلع کے ڈپٹی سیکرٹری انفارمیشن رئیس الدین قریشی، ڈپٹی سیکرٹری انفارمیشن و انچارج میڈیا سیل ملتان سٹی خواجہ عمران، سٹی نائب صدر مشتاق بلوچ، پی ایل ایف ملتان سٹی کے جنرل سیکرٹری سید اشتیاق علی شاہ ایڈووکیٹ نے ضلع کچہری میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

رہنمائوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب خطہ سے تعلق رکھنے والے جن میں سلیکٹڈ وزیراعظم عمران احمد نیازی میانوالی سے، چیف جسٹس آف پاکستان سردار آصف سعید کھوسہ ڈی جی خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ملتان، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بردار تونسہ شریف، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ شمیم خان بہاولپور اور صوبہ محاذ والے وزیر مملکت مخدوم خسرو بختیار رحیم یار خان سمیت دیگر وفاقی و صوبائی وزراء کلیدی عہدوں ہر فائز ہو کر اقتدار کے مزے لے رہے ہیں، حکمرانوں نے صوبہ جنوبی پنجاب کو پس پشت ڈال دیا ہے، جنوبی پنجاب کی عوام کو سول سیکرٹریٹ کے لولی پاپ پر ٹرخا رہے ہیں، لیکن جنوبی پنجاب کے عوام علیحدہ صوبہ کے قیام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ رہنمائوں نے مزید کہا کہ موجودہ نااہل سلیکٹڈ حکومت نے سابق صدر آصف علی زرداری اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف پر مشتمل پارلیمٹ کمیٹی بنا کر اپنی ناکامی اور نااہلی کا منہ بولتا ثبوت پیش کیا ہے، کیونکہ ان سے پارلیمانی نظام چلایا نہیں جا رہا۔

پانچ ماہ سے زیادہ عرصہ گزرنے کے باوجود بھی یہ صرف پروپیگنڈہ کی سیاست کرکے ڈنگ ٹپاو پالیسی پر گامزن ہیں، ملک میں اس وقت معاشی بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے، مہنگائی سے عوام کا جینا محال ہوچکا ہے، رہی سہی کسر بجلی و گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ نے پوری کر رکھی ہے، عوام مسائل کے انبار میں مبتلا ہو کر بلبلا رہے ہیں، لیکن حکمران ٹولہ اپنی عیاشیوں میں مست ہے، ان کو عوام کی کوئی پروا نہیں، کنٹینر پر کھڑے ہوکر جو وعدے عوام سے کئے گئے تھے، وہ سب جھوٹ کا پلندہ ثابت ہو رہے ہیں، مزید کہا کہ صوبوں کے اختیارات پر اگر ڈاکہ مارا گیا تو ہمارے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جو کہا ہے کہ ہم ملیں مارچ کریں گے، ہم اپنے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے اس بیان کی مکمل حمایت کرتے ہیں، کیونکہ یہ عوام کی آواز ہے اور اس سلسلہ میں ہم مکمل طور پر تیار ہیں۔
خبر کا کوڈ : 775230
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش