0
Thursday 31 Jan 2019 10:43

کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش، سردی کی شدت میں اضافہ

کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش، سردی کی شدت میں اضافہ
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کے باعث سردی میں اضافہ ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک بار پھر ابرِ رحمت برس پڑی، کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ شہر کے مختلف علاقوں ملیر، ایئرپورٹ، گلشن اقبال، گلستان جوہر، گلشن معمار، فیڈرل بی ایریا، غریب آباد، لیاقت آباد، بہادر آباد، صدر، کارساز، بلدیہ ٹاؤن، نارتھ کراچی، سہراب گوٹھ، سپرہائی وے، نارتھ ناظم آباد، سولجر بازار اور اولڈ سٹی ایریا میں ہلکی اور تیز بارش ہوئی، جبکہ سڑک پر پھسلن کے باعث ایک درجن سے زائد موٹر سائیکل سوار بھی گر کر زخمی ہوگئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش صدر میں 18 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ ایئرپورٹ 16.4، فیصل بیس 12، سرجانی 11.8، موسمیات 11.3، لانڈھی 6.5، گلستانِ جوہر 6، ناظم آباد 4، نارتھ کراچی 3، مسرور بیس پر ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ سے آنے والی سرد ہوا کا سلسلہ جاری رہے گا، تاہم تیز بارش کا کوئی امکان نہیں۔

دوسری جانب چند ملی میٹر بارش نے بلدیاتی اداروں کی نااہلی کا پول ایک بار پھر کھول دیا۔ رات گئے ہونے والی بارش کے باعث کئی علاقوں اور شاہراہوں کے نشیبی مقامات پر پانی جمع ہوگیا۔ صدر، گلستانِ جوہر، ماڈل کالونی، سرجانی، اسکیم 33، گلشنِ اقبال، ایکسپریس وے، یونیورسٹی روڈ، شہیدِ ملت روڈ، کورنگی روڈ، نیشنل ہائی وے سمیت کئی علاقے شدید متاثر ہوئے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مکلات کا سامنا ہے۔
خبر کا کوڈ : 775261
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش