0
Thursday 31 Jan 2019 18:45

پاراچنار، بالش خیل و ابراہیم زئی کے عمائدین کا مقبوضہ اراضی کیخلاف احتجاجی تحریک جاری رکھنے کا فیصلہ

پاراچنار، بالش خیل و ابراہیم زئی کے عمائدین کا مقبوضہ اراضی کیخلاف احتجاجی تحریک جاری رکھنے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ بالش خیل اور ابراہیم زئی قبائل کے عمائدین نے ان کی ہزاروں ایکڑ اراضی پر قبضے کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور قبائلی عمائدین کا جرگہ طلب کیا ہے۔ پاراچنار میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ابراہیم زئی اور بالش خیل کے عمائدین حاجی محمد حسن، حاجی سید حسین بادشاہ، عمران علی، حاجی سید ہدایت حسین، مولانا سید نقی شاہ اور دیگر عمائدین نے کہا کہ ان کی ہزاروں ایکڑ اراضی پر پاڑہ چمکنی اور مسوزئی قبائل نے قبضہ کیا ہے اور اس پر غیر قانونی طور پر مکانات تعمیر کر رہے ہیں۔ عمائدین کا کہنا تھا کہ تیس چالیس سال قبل افغان مہاجرین کی آمد پر یہ اراضی حکومت کی تجویز پر ہم نے دی تھی، لیکن مہاجرین کے جانے کے بعد کچھ مکانات حکومت نے گرا دیئے، جبکہ بدامنی کے دوران شدت پسند کمانڈر نے ہماری زمینیں اپنے من پسند لوگوں میں تقسیم کردیں، جس پر وہ دھڑا دھڑ تعمیرات کر رہے ہیں۔ عمائدین کا کہنا تھا کہ 10 سال قبل عدالت نے ان تعمیرات کو ختم کرنے اور مزید تعمیرات روکنے کا حکم دیا تھا مگر 10 سال گزرنے کے باوجود عدالتی احکامات پر عمل نہیں ہو رہا ہے۔ اس پر اب بالش خیل اور ابراہیم زئی قبائل کے عمائدین نے انکی اراضی پر ناجائز قبضے اور تعمیرات کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کردیا ہے اور اس سلسلے میں عمائدین کا جرگہ بھی طلب کرلیا ہے۔ عمائدین نے کہا کہ ان کا احتجاج تب تک جاری رہے گا، جب تک ان کی زمینوں سے ناجائز قبضہ ختم نہ ہو۔
خبر کا کوڈ : 775364
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش