0
Thursday 31 Jan 2019 19:22

خیبر پختونخوا میں بارش اور برفباری، سردی کی شدت میں اضافہ

خیبر پختونخوا میں بارش اور برفباری، سردی کی شدت میں اضافہ
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا سمیت ملک مختلف شہروں میں بارش کے بعد موسم مزید سرد ہوگیا۔ صوابی، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، پشاور، نوشہرہ اور گرد و نواح میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جبکہ ایبٹ آباد میں بھی رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اپر ہزارہ ڈویژن میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری جاری ہے، ناران میں ایک فٹ اور شوگران میں 4 انچ برف پڑچکی ہے۔ شدید برفباری سے وادی کاغان لمبی پٹی کا مقام 3 ہفتوں سے بند ہے جبکہ شاہرائے قراقرم پر چھتر پلین کے مقام پر برفباری سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ سوات کے میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور کالام اور مالم جبہ میں برفباری کا سلسلہ گذشتہ رات سے جاری ہے، گلیات میں برفباری کے باعث تمام رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں، نتھیاگلی، ایوبیہ اور چھانگلہ گلی میں ایک فٹ تک برف پڑچکی ہے۔ نوشہرہ اور گردونواح میں بھی ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ بارش کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ اورکزئی کے علاقے سمانہ، سرملو ڈبوری، کلایہ، مشتی، یخ کنڈاو اور ماموزئی میں برفباری کی وجہ سے سڑکیں بند ہوگئیں۔ دوسری جانب جنوبی وزیرستان اور شمالی وزیرستان میں آج دوسرے روز بھی برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ وانا میں کاروباری زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئی ہے جبکہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گرگیا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں تین فٹ سے زیادہ برف پڑی ہے جہاں گاڑیاں پھنس کر رہ گئیں ہیں۔ بونیر میں شدید برف باری کے باعث شہیدہ سر ٹاپ پر شانگلہ جانے والی مین سڑک بند ہوگئی جس کی وجہ سے شانگلہ سے بونیر جانے والے مسافر پھنس گئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 775375
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش