QR CodeQR Code

جماعت اسلامی کے تحت 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جائیگا

بھارت طاقت کی بنیاد پر زیادہ دیر تک کشمیریوں کو اپنا غلام نہیں بنا سکتا، محمد حسین محنتی

31 Jan 2019 21:49

کراچی میں صوبائی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی سندھ کے امیر نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں اور کشمیری عوام کی جدوجہد کے نتیجے میں وادی کشمیر میں جلد آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کشمیر میں حقوقِ انسانی کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش اور بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت طاقت کی بنیاد پر اب زیادہ دیر تک کشمیریوں کو اپنا غلام نہیں بنا سکتا، شہداء کی قربانیوں اور کشمیری عوام کی جدوجہد کے نتیجے میں وادی کشمیر میں جلد آزادی کا سورج طلوع ہوگا، جماعت اسلامی کے تحت 5 فروری کو کراچی تا کشمور سندھ میں یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جائے گا، امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق پانچ فروری کو کراچی میں کشمیر مارچ کی قیادت کریں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم کراچی میں جماعت اسلامی سندھ کی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر صوبائی جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ و دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ کشمیری عوام خاص طور پر یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان، اساتذہ اور شہید مظفر برہان وانی نے جدوجہد آزادی کی تحریک میں نئی روح پھونک دی ہے، ان شاءاللہ شہداء کی قربانیاں اور کشمیری عوام کی جدوجہد ضرور ایک دن رنگ لائے گی۔ صوبائی امیر نے زور دیا کہ پانچ فروری کو باب الاسلام سندھ میں ہر چھوٹے بڑے مقام پر ریلیاں و مظاہروں کا اہتمام کرکے بھارتی مظالم کی مذمت اور اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے۔ مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو سکھر، صوبائی امیر محمد حسین محنتی کراچی، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی حیدرآباد، کاشف سعید شیخ لاڑکانہ، نظام الدین میمن شکارپور، حافظ نصراللہ عزیز جیکب آباد، عظیم بلوچ مٹیاری میں کشمیر ریلیوں سے خطاب کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 775404

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/775404/بھارت-طاقت-کی-بنیاد-پر-زیادہ-دیر-تک-کشمیریوں-کو-اپنا-غلام-نہیں-بنا-سکتا-محمد-حسین-محنتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org