0
Wednesday 8 Jun 2011 20:54

پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے ایرانی صدر کے خدشات درست ہیں، پروفیسر ساجد میر

پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے ایرانی صدر کے خدشات درست ہیں، پروفیسر ساجد میر
لاہور:اسلام ٹائمز۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ پروفیسر ساجد میر نے ایرانی صدر محمود احمدی نژاد کے ان خدشات کو درست قرار دیا ہے کہ امریکہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو تباہ کرنا چاہتا ہے، حکومت اس بیان کا سنجیدگی سے جائزہ لے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ خدشات صرف ایران کا ہی نہیں بلکہ پوری ملت اسلامیہ کے ہیں، مگر حکومت امریکہ کی گود میں بیٹھ کر دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے دعوے کرتی ہے، یہ اس وقت تک ممکن نہیں ہو سکتا جب تک حکومت امریکی چنگل سے باہر نہیں نکل جاتی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو قومی امنگوں کے مطابق اپنی خارجہ و داخلہ پالیسی وضع کرنا ہو گی، اس کے پاس وقت بہت کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ کا اصل ہدف القاعدہ نہیں بلکہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام ہے، جسے وہ تباہ کرنے کے جواز تلاش کر رہا ہے۔
پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ ڈرون حملوں کے بعد وہ پاکستان میں زمینی کاروائیوں کی بھی منصوبہ بندی اسی لیے کر رہا ہے۔ افغانستان سے امریکی فوجوں کے انخلاء کا فیصلہ بلاوجہ نہیں کیا گیا امریکہ افغان جنگ پاکستان میں منتقل کرنا چا ہتا ہے۔ شمالی وزیرستان میں آپریشن کا دباﺅ اس لیے بڑھا رہا ہے۔ حکومت اور فوج نے اگر امریکہ کو اس ضمن میں انکار کر دیا ہے تو اچھی بات ہے ہم اس فیصلے کو خوش آئند سمجھتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ حکومت ہر قسم کا امریکی دباﺅ مسترد کر دے گی۔ تاہم امریکی ڈرون حملوں کے تسلسل نے پارلیمنٹ کی قرارداد کا جو حشر کیا ہے اس سے نہ صرف پارلیمنٹ کی توہین ہوئی ہے بلکہ پوری دنیا میں ہمارے وقار کو بھی ٹھیس پہنچی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قوم بھوکی رہ لے گی، مگر اپنے ایٹمی اثاثوں اور وطن پر کسی قسم کی آنچ برداشت نہیں کر سکتی۔
خبر کا کوڈ : 77569
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش