QR CodeQR Code

ایف آر کوہاٹ میں سیلاب سے بچاؤ کیلئے حفاظتی دیوار کی تعمیر مکمل، مقامی آبادی اور زرعی زمینیں محفوظ ہو گئیں

8 Jun 2011 18:44

اسلام ٹائمز:حکومت نے آئندہ مون سون میں سیلاب کے نقصانات سے بچاؤ کیلئے ایف آر کوہاٹ کے علاقہ طور خیل میں حفاظتی دیوار کی تعمیر اور نکاسی آب کا نظام بہتر بنانے کیلئے گلیوں کی فرش بندی کا منصوبہ مکمل کر لیا ہے۔ حفاظتی دیوار کی تعمیر سے علاقے کی آبادی اور قیمتی زرعی زمینیں سیلاب کے خطرات سے محفوظ ہو گئی ہیں


پشاور:اسلام ٹائمز۔فاٹا سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب سے اس علاقے میں قیمتی املاک کو شدید نقصان پہنچا تھا۔ طور خیل کے علاقے میں بیشتر مکانات اور زرعی اراضی سیلاب کی نذر ہوگئی تھی۔ حکومت نے آئندہ مون سون میں سیلاب کے نقصانات سے بچاؤ کیلئے ایف آر کوہاٹ کے علاقہ طور خیل میں حفاظتی دیوار کی تعمیر اور نکاسی آب کا نظام بہتر بنانے کیلئے گلیوں کی فرش بندی کا منصوبہ مکمل کرلیا ہے۔ حفاظتی دیوار کی تعمیر سے علاقے کی آبادی اور قیمتی زرعی زمینیں سیلاب کے خطرات سے محفوظ ہو گئی ہیں۔ چنانچہ پولیٹیکل انتظامیہ نے آئندہ سیلاب کے خطرات کو کم کرنے کیلئے فوری طور پر یہاں حفاظتی پشتوں کی تعمیر مکمل کر دی ہے۔
اس منصوبے کے تحت طور خیل کے علاقہ میں بانوے میٹر طویل اور تقریبا تین میٹر اونچی حفاظتی دیوار تعمیر کی گئی۔ اسی طرح علاقے میں نکاسی آب کا نظام بہتر بنانے کیلئے بانوے میٹر طویل اور پانچ میٹر کشادہ گلیوں کی فرش بندی کا کام بھی مکمل کیا گیا جس کے ساتھ نکاسی آب کیلئے نالہ بھی تعمیر کیا گیا تاکہ بارش اور سیلاب کا پانی علاقے میں کھڑا نہ ہو سکے۔ مقامی عمائدین کے مطابق اس علاقے میں پندرہ سو کے قریب طلباء مختلف اسکولوں میں زیر تعلیم ہیں جنہیں ان گلیوں کے کیچڑ سے گزرتے ہوئے شدید مشکلات کا سامنا رہتا تاہم اب گلیوں کی فرش بندی سے طلباء اور مقامی افراد کی اسکولوں، کھیتوں اور مارکیٹ تک رسائی آسان ہوئی۔ اس منصوبے سے نہ صرف طور خیل کے مکانات اور قیمتی زرعی اراضی سیلاب کے خطرات سے محفوظ ہو گئی ہے بلکہ علاقے میں نکاسی آب کا نظام بھی بہتر ہو گیا ہے۔ مقامی عمائدین نے دیرینہ مطالبہ پورا ہونے پرحکومت اور پولیٹیکل انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حفاظتی دیوار کی تعمیر سے ان کے آئندہ سیلاب سے متعلق خدشات دور ہوگئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 77576

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/77576/ایف-آر-کوہاٹ-میں-سیلاب-سے-بچاؤ-کیلئے-حفاظتی-دیوار-کی-تعمیر-مکمل-مقامی-آبادی-اور-زرعی-زمینیں-محفوظ-ہو-گئیں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org