0
Tuesday 5 Feb 2019 20:38

کراچی، ایم ڈبلیو ایم کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر چراغاں کا اہتمام

کراچی، ایم ڈبلیو ایم کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر چراغاں کا اہتمام
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کراچی ضلع جنوبی کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر و شہدائے پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے محمود آباد میں چراغاں کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی، پاکستان عوامی تحریک کراچی ڈویژن کے نائب صدر صاحبزادہ ثاقب نوشاہی، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق صوبائی اسمبلی ممبر میجر (ر) قمر عباس رضوی، پاکستان تحریک انصاف کے ممبر صوبائی اسمبلی بلال غفار، پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کے رہنماء کاشف شیخ سمیت ایم ڈبلیو ایم سندھ کے رہنماء ناصر حسینی، کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل مولانا صادق جعفری، علامہ علی انور جعفری، علامہ سجاد شبیر، علامہ مبشر اور میر تقی ظفر نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے بڑھتے ہوئے مظالم پر اقوام عالم کی خاموشی اس حقیقت کی عکاس ہے کہ مسلمانوں کے مسائل سے ان نام نہاد انسانی حقوق کے ٹھکیداروں کو کوئی غرض نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی بڑھتی ہوئی جارحیت اور پاکستانی سرحدوں کی مسلسل خلاف ورزی بھارتی فوج کی بربریت سے دنیا کی نظریں ہٹانے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کو بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزاد کرانے کیلئے عالمی قوتوں کو کردار ادا کرنا ہوگا، جب تک مسئلہ کشمیر کا پُرامن اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل نہیں نکلتا، تب تک پورے خطے کی سلامتی کو غیر یقینی صورتحال کا سامنا رہے گا۔

علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ ہندوستانی حکومت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی جبر کے ذریعے حق خودارادیت کی آواز کو دبانے کی کوششوں میں مصروف ہے، بنیادی حقوق کے اس استحصال پر اقوام متحدہ کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ مخفی قوتیں گلگت بلتستان اور کشمیر کے حوالے سے شکوک شبہات پیدا کرکے ہمیں داخلی انتشار کا شکار بنانا چاہتی ہیں، ہمیں ان بیرونی طاقتوں سے ہوشیار رہنا ہو گا، گلگت بلتستان اور کشمیر پاکستان کے عضوِ بدن ہیں، جنہیں کبھی جسم سے جدا نہیں کیا جا سکتا۔
خبر کا کوڈ : 776328
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش