0
Tuesday 5 Feb 2019 23:57

کراچی، پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام یکجہتی کشمیر کانفرنس کا انعقاد

کراچی، پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام یکجہتی کشمیر کانفرنس کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام کراچی میں مرکز اہلسنت پر عظیم الشان یکجہتی کشمیر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، کانفرنس سے خصوصی خطاب پی ایس ٹی کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کیا، اس موقع پر مرکزی رابطہ کمیٹی کے ارکان، علماء و مشائخ اور کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔ ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ یوم کشمیر منانا رسم نہیں بلکہ کشمیریوں سے تجدید عہد وفا ہے کہ ہم تمھارے ساتھ ہیں، جہاد کے حامی ہیں، حکومت جہاد کا اعلان کرے، ایک لاکھ رضاکار بھارت کو دنیا کے نقشے سے مٹانے اور کشمیر کو آزادی دلانے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی میں کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کرینگے، ہمارے دل کشمیر کے عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں، اقوام متحدہ کشمیر کو حق خودارادیت دلانے کیلئے کردار ادا کرے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ اقوام متحدہ نے سوڈان اور انڈونیشیا کو حق خودارادیت دلانے کیلئے کردار ادا کیا، اسی طرح کا کردار کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کیلئے ادا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، بھارت کسی بھول میں نہ رہے، اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی اور حق خودارادیت کی تحریک پاکستان کی تکمیل کی تحریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی کشمیریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے کردار ادا کریں، اقوام متحدہ تعصب کا چشمہ اتار کر سلامتی کونسل کی قرارداد پر عمل درآمد کرائے، بصورت دیگر اقوام متحدہ کا کردار مشکوک ہو جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کے حکمران متحدہ مسلم نیشن بنائیں، تاکہ مسلمانوں کا دفاع کر سکیں۔

اس موقع پر ممتاز عالم دین پیر سید مظفر حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی آزادی میں رکاوٹ ڈالنے والے، دنیا کے امن کو تباہ کرنے کے درپے ہیں، مسئلہ کشمیر کا حل سلامتی کونسل کی قرارداد سے حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم جب حد سے بڑھتا ہے، تو ختم ہو جاتا ہے، ظلم بے شک مٹنے کیلئے ہے، بھارت نہتے کشمیریوں پر مظالم و بربریت سے باز آجائے، کہیں ایسا نہ ہو اسکا دنیا سے وجود ہی ختم ہو جائے، سیدنا حضرت علیؑ نے فرمایا کہ کفر کی حکومت تو چل سکتی ہے، لیکن ظلم کی نہیں۔
خبر کا کوڈ : 776365
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش