0
Wednesday 6 Feb 2019 00:54

ایوان زیریں کی 36 قائمہ کمیٹیوں میں شامل اراکین کے ناموں کا اعلان

ایوان زیریں کی 36 قائمہ کمیٹیوں میں شامل اراکین کے ناموں کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ اسپکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایوان زیریں کی 36 قائمہ کمیٹیاں قائم کردیں جن میں شامل اراکین کے ناموں کا بھی اعلان کردیا گیا۔ نئی قائم شدہ قائمہ کمیٹیوں میں نہ صرف سیاسی جماعتوں بلکہ آزاد اراکین اسمبلی بھی شامل ہیں، جن کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ نیشنل سیکریٹریٹ سے جاری ہونے والے نوٹی فکیشن کے مطابق قائمہ کمیٹی برائے دفاع 20 اراکین پر مشتمل ہے جس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے طاہر صادق، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے غوث بخش مہر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے برجیس طاہر بھی شامل ہیں۔ اس کمیٹی میں پی ٹی آئی کے 8، مسلم لیگ (ن) کے 5، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے 3 جبکہ جی ڈی اے، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے ایک، ایک اراکین شامل ہیں۔ اسی طرح قائمہ کمیٹی برائے داخلہ بھی 20 اراکین پر مشتمل ہے جس میں 9 اراکین تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن) سے 5 اور پیپلز پارٹی سے 3 اراکین شامل ہیں۔

پی ٹی آئی کی جانب سے نفیسہ عنایت اللہ خان خٹک، بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کی جانب سے سردار اختر مینگل، مسلم لیگ (ن) کی جانب سے مریم اورنگزیب اور پیپلز پارٹی کے عبدالقادر پٹیل شامل ہیں۔ قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے 20 اراکین میں سے 10 تحریک انصاف، 5 مسلم لیگ (ن) اور 2 پیپلز پارٹی سے ہیں۔ ان میں پی ٹی آئی کے سید فخر امام، مخدوم زین حسین قریشی اور ملیکا علی بخاری، مسلم لیگ (ن) کی زہرہ ودود فاطمی، پیپلز پارٹی کی حنا ربانی کھر اور آزاد رکن اسمبلی محسن داوڑ شامل ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق میں شامل ہیں، جبکہ ان کے والد آصف علی زرداری کسی بھی کمیٹی میں شامل نہیں ہیں۔ اسی طرح سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کسی بھی کمیٹی میں شامل نہیں ہیں، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنما خواجہ محمد آصف قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل میں شامل ہیں۔ خیال رہے کہ کمیٹیوں کے سربراہان کے ناموں کا اب تک اعلان نہیں کیا گیا ہے، تاہم کمیٹیاں اپنے پہلے اجلاس میں مشاورت کے بعد اپنے سربراہان کے ناموں کا اعلان کریں گی۔
خبر کا کوڈ : 776374
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش