QR CodeQR Code

اسرائیل سے تعلقات کیلئے بیک ڈور ڈپلومیسی کامیاب نہیں ہوگی، عبدالطیف خالد چیمہ

6 Feb 2019 20:58

کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے متحدہ تحریک ختم نبوت کے رہنما کا کہنا تھا کہ حد ہوگئی ہے کہ اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں قادیانیوں کو قادیان یاترا کیلئے سہولتیں دی جا رہی ہیں اور حاجیوں کیلئے مالی مشکلات پیدا کی جا رہی ہیں کیا یہی ریاست مدینہ کا تصور ہے؟۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان نے ملعون گیرٹ وائلڈر کے قریبی ساتھی اور پارٹی آف فریڈم کے رکن قومی اسمبلی جورم وین کلورین کے قبول اسلام کو پھیلتی ہوئی اسلامی تعلیمات کا مظہر قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اسلام کی تعلیمات کو روکنا اب عالم کفر کے بس کی بات نہیں۔ ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے کنونیر اور مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے لاہور میں ملاقات کرنیوالے عہدیداروں سے کہا کہ جورم وین کلورین کا قبول اسلام اور ان کے تاثرات اس بات کا پتہ دیتے ہیں کہ اسلامی تعلیمات بتدریج عالم کفر کو اپنی آغوش میں لے رہی ہیں اور مسلمان ہونے کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔ عبداللطیف خالد چیمہ نے سابق صدر پاکستان ڈکٹیٹر پرویز مشرف کے اس بیان کہ ’’میرے دور میں مسئلہ کشمیر حل ہونیوالا تھا‘‘ کو انتہائی مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پرویز مشرف نے پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کو کمزور کیا اور مسئلہ کشمیر کو الجھانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہاکہ اسرائیل سے تعلقات کے مسئلے پر بیک ڈور ڈپلومیسی کسی صورت کامیاب نہیں ہوگی اور اسلام اور وطن سے محبت کرنیوالے آخر کار کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ حد ہوگئی ہے کہ اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں قادیانیوں کو قادیان یاترا کیلئے سہولتیں دی جا رہی ہیں اور حاجیوں کیلئے مالی مشکلات پیدا کی جا رہی ہیں کیا یہی ریاست مدینہ کا تصور ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ میں تویہ حال ہوگیا تھا کہ زکوۃ لینے والا کوئی نہ ملتا تھا، انہوں نے کہا کہ افغان طالبان کی کامیابی امر ہو چکی ہے اسے روکنا امریکہ کے بس کی بات نہیں رہی۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر پاکستان کا حصہ بن کر رہے گا کشمیریوں کی آواز پوری دنیا میں سنائی دی جا رہی ہے جبکہ حکومت کی سفارتکاری کمزور نظر آ رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 776548

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/776548/اسرائیل-سے-تعلقات-کیلئے-بیک-ڈور-ڈپلومیسی-کامیاب-نہیں-ہوگی-عبدالطیف-خالد-چیمہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org