QR CodeQR Code

حکومت کے پاس دو تہائی اکثریت نہیں ہے، غلام احمد بلور

7 Feb 2019 18:57

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اے این پی رہنما کا کہنا تھا کہ علیم خان کی گرفتاری ہاتھی کے دانت کھانے کے اور اور دکھانے کے اور کے مترادف ہے، علیم خان کی گرفتاری قوم کے ساتھ مذاق ہے، انکا بھی وہی ہوگا جو علیمہ خان کا ہوا۔


اسلام ٹائمز۔ غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ اٹھارویں ترمیم کو چھیڑنا ملک کے ساتھ زیادتی ہوگی، علیم خان کی گرفتاری دکھاوا ہے۔ انہوں نے بی آر ٹی منصوبے کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کر دیا۔ پشاور میں اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس میں غلام بلور کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے پاکستانی کرنسی کی اہمیت ختم کردی، غریب آدمی کے منہ سے نوالہ چھین لیا گیا، مہنگائی کا سونامی ملک و قوم کو تحفے میں دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا حج کا خرچہ بڑھا کر غریب مسلمانوں پر ظلم کیا گیا، ریٹ کم نہیں کیا جاسکتا تو ہمسایہ ملک کے برابر ہی کردیا جائے، اسلام کے نام پر بننے والے ملک میں حج مہنگا جبکہ سیکولر ممالک میں حج کے اخراجات کم ہیں۔ غلام بلور کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کے پاس دو تہائی اکثریت نہیں ہے، اٹھارویں ترمیم کو بھی نہ چھیڑا جائے، جو وزراء اٹھارویں ترمیم کو چھیڑنے کی بات کرتے ہیں ان کو لگام دیں، ہمیں اپنے صوبے کی بجلی واپس کریں، صدارتی نظام کی باتیں کی جا رہی ہیں، صدارتی نظام میں تو سب کچھ ایک صوبے کے پاس چلا جائے گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ نقیب اللہ اور طاہر داوڑ کا نام لیتے ہیں مگر ہارون بلور کا نام نہیں لیتے، اپنی پارٹی سے بھی گلہ ہے کہ وہ بھی ہارون کا نام نہیں لیتے۔ اے این پی رہنما غلام بلور نے کہا علیم خان کی گرفتاری ہاتھی کے دانت کھانے کے اور اور دکھانے کے اور کے مترادف ہے، علیم خان کی گرفتاری قوم کے ساتھ مذاق ہے، ان کا بھی وہی ہوگا جو علیمہ خان کا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہارون بلور کی تحقیقات کی طرف قدم نہیں بڑھایا، ہارون بلور کو کیوں قتل کیا گیا، ان کے قتل میں کس کس کا نام ہے بتایا جائے۔


خبر کا کوڈ: 776730

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/776730/حکومت-کے-پاس-دو-تہائی-اکثریت-نہیں-ہے-غلام-احمد-بلور

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org