0
Friday 8 Feb 2019 16:10

عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، جام کمال

عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، جام کمال
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال خان نے محکمہ پی ایچ ای کو غیرفعال واٹر سپلائی اسکیموں کو فوری طور پر بحال کرنے، کوئٹہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی فعالی، برج عزیز ڈیم کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اقدامات کے آغاز، میرانی ڈیم سے گوادر کو پانی کی فراہمی کے لئے پائپ لائن کی تنصیب کے منصوبے کی فزیبیلیٹی رپورٹ تیار کرنے اور واسا کو اپنے محاصل میں اضافہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سے متعلق امور کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلٰی نے محکمے کو اپنے ترقیاتی منصوبوں کے پی سی ون فوری طور پر تیار کرکے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کو بھجوانے کی ہدایت بھی کی ہے۔ صوبائی وزیر پی ایچ ای نور محمد دمڑ بھی اجلاس میں شریک تھے، جبکہ سیکرٹری پی ایچ ای عبدالفتح بھنگر اور دیگر حکام نے اجلاس کو محکمانہ امور، جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت اور مجوزہ منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی، جس میں فعال و غیر فعال واٹر اسکیموں، کیسکو کے واجبات، فلٹر اور آر او پلانٹس، گوادر کو پانی کی فراہمی کے منصوبوں، مانگی ڈیم پر کام کی پیشرفت، وفاقی پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے کے لئے مجوزہ منصوبوں اور برج عزیز ڈیم منصوبے کی تفصیلات شامل تھیں جبکہ ایم ڈی واسا کی جانب سے اجلاس کو واسا کی کارکردگی اور مسائل سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعلٰی نے کہا کہ عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی حکومت کی ترجیحات کا حصہ ہے، جس کے لئے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو اپنی کارکردگی اور استعداد کار میں اضافہ کرنا ہوگا۔ وزیراعلٰی نے صاف پانی کے غیر ضروری استعمال اور ضیاع پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام میں پانی کی بچت اور واسا کے بلوں کی ادائیگی کا شعور اجاگر کیا جائے۔ انہوں نے صوبے کے مختلف علاقوں میں ڈیموں کی تعمیر کے لئے سروے کرنے، بھاگ میں پانی کے مسئلے کے حل کے لئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کرنے، کچھی پلین واٹر پروجیکٹ فیز II کی فوری تکمیل اور گوادر میں کارواٹ ڈی سیلینیشن پلانٹ کی فعالی کے منصوبے کے معاہدے کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی فعالی سے تعمیراتی کاموں، پارکوں اور سروس اسٹیشنوں کے لئے پانی دستیاب ہو سکے گا، جس سے ان کاموں کے لئے بروئے کار لائے جانے والے صاف پانی کی بچت ہوگی۔ وزیراعلٰی نے واسا کو پانی کے بلوں کے نظام کو بہتر بناکر محاصل میں اضافہ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے وزیراعلٰی سیکریٹریٹ، سول سیکریٹریٹ، گورنر ہاؤس اور دیگر سرکاری دفاتر سے بھی میٹر نصب کرکے پانی کے بلوں کی وصولی کی ہدایت کی۔
 
خبر کا کوڈ : 776854
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش