QR CodeQR Code

نون لیگ کے رہنماء اور سابق وفاقی وزیر کامران مائیکل کو نیب نے گرفتار کر لیا

8 Feb 2019 21:21

نیب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پہلے ہی ایسے 16 پلاٹس کے حوالے سے کامران مائیکل کیخلاف ریفرنس دائر ہے، انہوں نے سائٹس الاٹ کرنے کے عوض بھاری رشوت لی اور بطور وزیر 3 کمرشل سائٹس اپنے من پسند افراد کو الاٹ کیں۔


اسلام ٹائمز۔ قومی احتساب بیورو (نیب) نے نون لیگ کے رہنماء اور سابق وفاقی وزیر کامران مائیکل کو گرفتار کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ نون کے رہنما کامران مائیکل کو لاہور سے گرفتار کیا گیا ہے، ان پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے اور بحثیت وفاقی وزیر اختیارات کے غلط استعمال کا الزام ہے۔ کامران مائیکل پرانے مسلم لیگی کارکن ہیں، وہ 2002ء میں وہ پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ بعد ازاں نون لیگ کی نامزدگی سے وہ رکن صوبائی اسمبلی اور صوبائی وزیرِ خزانہ پنجاب رہے۔ 2011ء میں پنجاب کا سالانہ بجٹ بھی انہوں نے ہی پیش کیا۔ 2012ء میں انہوں نے پنجاب سے مسلم لیگ نون کے نامزد اقلیتی سینیٹر کی حیثیت سے حلف اٹھایا اور بعد ازاں جون 2013ء میں انہوں نے وفاقی وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ کی ذمہ داری سنبھالی۔ نیب کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کامران مائیکل کو بطور وفاقی وزیر اختیارات کے ناجائز استعمال پر گرفتار کیا گیا، کامران مائیکل نے من پسند افراد کو کراچی پورٹ ٹرسٹ کے پلاٹس الاٹ کیے۔ نیب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پہلے ہی ایسے 16 پلاٹس کے حوالے سے کامران مائیکل کیخلاف ریفرنس دائر ہے، کامران مائیکل نے سائٹس الاٹ کرنے کے عوض بھاری رشوت لی اور بطور وزیر 3 کمرشل سائٹس اپنے من پسند افراد کو الاٹ کیں۔
 


خبر کا کوڈ: 776932

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/776932/نون-لیگ-کے-رہنماء-اور-سابق-وفاقی-وزیر-کامران-مائیکل-کو-نیب-نے-گرفتار-کر-لیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org