0
Sunday 10 Feb 2019 09:43

افضل گورو کی برسی، مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال رہی

افضل گورو کی برسی، مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال رہی
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری رہنما محمد افضل گورو کی شہادت کی چھٹی برسی پر مکمل ہڑتال رہی، سرینگر سمیت مقبوضہ وادی کے دیگر ضلعی ہیڈکوارٹرز میں دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمدورفت کا نظام بھی معطل رہا۔ حریت رہنمائوں کا کہنا تھا کہ کشمیری اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور ان کے مشن کو ہر قیمت پر پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کی کال سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے دی تھی۔ ہڑتال کا مقصد محمد افضل گورو اور ممتاز کشمیری رہنما محمد مقبول بٹ کی میتوں کو اسلامی اقدار کے مطابق تدفین کیلئے نئی دلی کی تہاڑ جیل سے مقبوضہ کشمیر  منتقل کرنے کے کشمیریوں کے مطالبے پر زور دینا ہے۔

ادھر مشترکہ حریت قیادت نے محمد مقبول بٹ کی شہادت کی برسی پر پیر کو بھی مقبوضہ علاقے میں ہڑتال اور لالچوک سرینگر کی طرف سے مارچ کی کال دی ہے۔ قابض انتظامیہ نے حریت رہنمائوں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، محمد اشرف صحرائی، محمد یاسین ملک، ہلال احمد وار، جاوید احمد میر، مختار احمد وازہ، ظفر اکبر بٹ، محمد اشرف لایہ اور امتیاز حیدر کو شہید رہنمائوں کی برسیوں پر بھارت مخالف مظاہروں کی قیادت سے روکنے کیلئے گھروں اور تھانوں میں نظربند کیا۔ انتظامیہ نے مظاہرے روکنے کیلئے سرینگر اور محمد افضل گورو کے آبائی قصبے سوپور کے مختلف علاقوں میں سخت پابندیاں نافذ کیں۔ جاگیر گھاٹ سوپور میں واقع محمد افضل گورو کے گھر کی طرف جانے والے تمام راستے سیل کیے گئے جس کا مقصد لوگوں کو شہید کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ان کے گھر جانے سے روکنا تھا۔

قابض انتظامیہ نے مقبوضہ وادی میں ریل سروس بھی معطل کی۔حریت رہنمائوں سید علی گیلانی، میر واعظ عمرفاروق، محمد اشرف صحرائی، محمد یاسین ملک اور دیگر نے محمد افضل گورو اور محمد مقبول بٹ کو شہادت کی برسیوں پر شاندا ر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ واضح رہے کہ بھارت نے محمد افضل گورو کو 9 فروری 2013ء کو جبکہ محمد مقبول بٹ کو  11 فروری 1984ء کو جدوجہد آزادی میں ان کے کردار کی پاداش میں نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں پھانسی دے کر ان کی میتوں کو جیل کے احاطے میں ہی دفن کر دیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 777148
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش