0
Sunday 10 Feb 2019 13:28
حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط پر پیشگی عمل کیا، مریم اورنگزیب

آئی ایم ایف کیساتھ ایسی شرائط چاہتےہیں جن کابوجھ عوام پر نہ پڑے، شاہ محمود

آئی ایم ایف کیساتھ ایسی شرائط چاہتےہیں جن کابوجھ عوام پر نہ پڑے، شاہ محمود
اسلام ٹائمز۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے پاکستان انٹر نیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ ایسی شرائط پر آگے بڑھنا چاہتا ہے جن کا ناروا بوجھ عوام پر نہ پڑے۔ وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ متحدہ عرب امارات کے ایک روزہ دورہ پر روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آئی ایم ایف سربراہ کے ساتھ میٹنگ بھی دورے کا حصہ ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم شیخ راشد المکتوم کی دعوت پر دبئی جارہے ہیں اور  گلوبل گورنس سمٹ میں بطور کلیدی اسپیکر اظہار خیال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گورنس ایک ایسا ایشو ہے جسکی ہمارے خطے کو اور بالخصوص پاکستان کو بے حد ضرورت ہے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہمارے بہت سے مسائل نے بری گورنیس کی وجہ سے جنم لیا چنانچہ وزیر اعظم پاکستان کی کوشش ہے کہ وہ ایسا ماڈل متعارف کروا سکیں اور ایسی ادارہ جاتی اصلاحات کو سامنے لائیں تاکہ اداروں کی پرفارمنس میں بہتری لائی جا سکے۔ وزیراعظم کے ہمراہ روانہ ہونے والے وزیر خارجہ نے دورے کی تفصیلات کے متعلق بتایا کہ متحدہ عرب امارات کے کراؤن پرنس اور وہاں کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے ملاقات اور مذاکرات بھی ہوں گے۔ یاد رہے کہ وزیراعظم آج ہی ایک روزہ دورے پر دبئی روانہ ہوئے ہیں۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، وزیرخزانہ اسد عمر، وزیر برائے بحری امور سید علی حیدر زیدی، وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین بھی ہمراہ ہیں۔

دوسری جانب مسلم لیگ نون کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ یہ پہلی حکومت ہے جس نے چور دروازے سے آئی ایم ایف کی شرائط پر پیشگی عمل کیا۔ پاکستان مسلم لیگ نون کی ترجمان اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے وزیر اعظم کی آئی ایم ایف سے ملاقات پر کہا کہ ‎حکومت پہلے ہی آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرچکی ہے تو پھر یہ ملاقات کا ڈرامہ کیوں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بقول وزیرِ خزانہ اسد عمر کے کہ حکومت نے آئی ایم جانے سے پہلے ہی شرائط مان لی ہیں جب کہ ‎حکومت آئی ایم ایف سے پیکج لینے سے پہلے ہی مہنگائی کا بم گرا چکی ہے۔ مریم اورنگزیب  نے کہا کہ ‎روپے کی قدر میں 35 فیصد سے زائد کمی، بجلی، گیس کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ پہلے ہی کیا جا چکا ہے جب کہ ‎آئی ایم ایف کے پیکج سے پہلے ہی حکومت ہر سبسڈی بشمول حج ختم کر چکی ہے۔ مسلم لیگ نون کی رہنما نے سوال اٹھایا کہ وزیر اعظم کی آئی ایم ایف سے پاکستان میں ملاقات کیوں نہیں ہو سکتی؟ ‎قوم کو بتایا جائے کہ اب کون سی مزید شرائط طے کی جا رہی ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ‎قوم کو مزید مہنگائی کی کون سی چکی میں پیسنے کی تیاری کی جا رہی ہے اور ‎قوم کو بتایا جائے کہ اب روپے کی قدر میں مزید کتنی کمی ہوگی اور ڈالر کس ریٹ پر ملے گا ؟ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ‎پارلیمان اور قوم سے سچ کے وعدے کرنے والے تمام کام خفیہ انداز میں کر رہے ہیں جب کہ قوم حکومت کی نااہلی کی وجہ سے مہنگائی کے ایک اور طوفان کی تیاری کر لے۔

 
خبر کا کوڈ : 777189
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش