QR CodeQR Code

عمران خان سے آئی ایم ایف کی ایم ڈی کرسٹین لوگارڈ کی ملاقات

10 Feb 2019 18:45

عالمی مالیاتی ادارے کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لوگارڈ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے اچھی اور تعمیری ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان میں حالیہ معاشی ترقی اور مستقبل کے امکانات پر بات چیت ہوئی۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان سے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لوگارڈ نے ملاقات کی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لوگارڈ سے ملاقات دبئی میں ہونے والی ورلڈ گورنمنٹ سمٹ کے موقع پر ہوئی۔ ملاقات میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ملکی معاشی صورتحال اور بیل آؤٹ پیکج پر بات چیت کی گئی۔ عالمی مالیاتی ادارے کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لوگارڈ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے اچھی اور تعمیری ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان میں حالیہ معاشی ترقی اور مستقبل کے امکانات پر بات چیت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ جاری آئی ایم ایف پروگرام پر بات چیت کے تناظر میں گفت گو ہوئی جس میں میں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئی ایم ایف پاکستان کی مدد کیلئے تیار ہے۔ آئی ایم ایف کی ایم ڈی کے مطابق فیصلہ کن پالیسیوں اور معاشی اصلاحات کے مضبوط پیکج سے پاکستانی معیشت میں استحکام آئے گا۔ یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزراء اور دیگر حکام کے ساتھ ایک روزہ دورے پر دبئی میں موجود ہیں جہاں وہ ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں شریک ہوں گے۔ واضح رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دورے سے قبل کہہ چکے ہیں کہ چاہتے ہیں کہ آئی ایم ایف سے ایسی شرائط طے ہوں جن سے عوام پر کوئی بوجھ نہ پڑے۔
 


خبر کا کوڈ: 777218

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/777218/عمران-خان-سے-آئی-ایم-ایف-کی-ڈی-کرسٹین-لوگارڈ-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org