0
Monday 11 Feb 2019 00:00

سب سے زیادہ خیرات دینے والے لوگ کرپشن کی وجہ سے حکومت کو ٹیکس نہیں دیتے، عمران خان

سب سے زیادہ خیرات دینے والے لوگ کرپشن کی وجہ سے حکومت کو ٹیکس نہیں دیتے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے دئی میں ورلڈ گورنمنٹ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 60ء کی دہائی میں پاکستان تیزی سےترقی کرتا ہوا ملک تھا، مگر بدقسمتی سے پاکستان ترقی کی رفتار برقرار نہیں رکھ سکا جس کا سبب ماضی کے حکمرانوں کا عوام کا پیسہ عیاشی میں اڑانا تھا۔ لوگ ماضی کی حکومتوں پراعتماد نہیں کرتے تھے اس لیے وہ ٹیکس نہیں دیتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ٹیکس کا پیسہ حکمرانوں کی عیاشیوں پرخرچ ہوتا رہا۔ عمران خان نے کہا کہ ترقی کی بنیاد ہی بہتر طرز حکمرانی ہے، خیرات میں ہم بہت آگے اور ٹیکس دینے میں بہت پیچھے ہیں، جب لوگ اتنے اچھے ہیں تو ٹیکس کیوں ادا نہیں کرتے، اس کی وجہ لوگوں کا حکمرانوں پر عدم اعتماد ہے، کرپشن سے ٹیکس کا پیسہ چوری ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اصلاحات مشکل ہیں مگرضروری ہیں، جب آپ شکست مان لیتے ہیں تب ہی آپ کو شکست ملتی ہے، جب آپ اصلاحات کرتے ہیں تو لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ہم معاشی اصلاحات کررہے ہیں، سرمایہ کار پاکستان کا رخ کررہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ماضی میں متحدہ عرب امارات کی ایئرلائن کی تشکیل میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے معاونت کی تھی، ہمیں اپنے ٹیلنٹ کو آگے لانا ہوگا، میں پاکستان کو بہت اوپر لے کر جانا چاہتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اپنی غلطیوں سے سبق سیکھا ہے، سرمایہ کاروں سے کہتا ہوں کہ یہ وقت ہے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کا، سرمایہ کار اس بہترین موقع کو ضائع نہ کریں۔ بعد ازاں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں بھی وزیراعظم عمران خان نے دنیا کو یہی پیغام دیا کہ یہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کا بہترین موقع ہے لہٰذا اس سنہری موقع کو ضائع نہ کریں۔ خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان حکومتی وفد کے ہمراہ ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں شرکت کے لیے دبئی گئے تھے جہاں ان کی عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی سربراہ کرسٹین لیگارڈ سے بھی ملاقات ہوئی ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 777256
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش